ملک میں تلنگانہ اسکیم پر عمل آوری میں سرفہرست ، کے ٹی آر کا ادعا
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے کہا کہ سارے ملک میں غریب عوام کے لیے ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرنے کا اعزاز صرف ریاست تلنگانہ کو حاصل ہے ۔ شہر حیدرآباد ونستھلی پورم کے پاس ریتو بازار کے قریب 324 ڈبل بیڈ روم مکانات کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی ، رکن اسمبلی سدھیر ریڈی ، ایم ال سی ملیشم ، مئیر بی رام موہن کے علاوہ دوسرے قائدین و عہدیدار موجود تھے ۔ 2 ایکڑ اراضی پر تین بلاکس کے ساتھ 9 منزلہ عمارت میں 324 ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے گئے ہیں جس پر 28 کروڑ روپئے کے مصارف ہوئے ہیں ۔ کے ٹی آر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیرات چیف منسٹر کے سی آر کی ذہنی اختراع ہے ۔ چیف منسٹر نے غریب عوام کی عزت و نفس کا خیال کرتے ہوئے انہیں ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کرنے کا وعدہ کیا اور وعدے پر مکمل عمل آوری کی جارہی ہے ۔ گریٹر حیدرآباد میں ایک لاکھ ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں جن کی 80 فیصد سے زائد تعمیرات مکمل ہوگئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تلنگانہ کی اسکیمات مثالی ہے ۔ سارے ملک میں سوائے تلنگانہ کے ملک کی کسی بھی ریاست میں ڈبل بیڈ روم مکانات کی اسکیمات پر عمل آوری نہیں ہورہی ہے ۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ ملک کے اہم شہروں دہلی ، ممبئی اور کلکتہ وغیرہ میں اس طرح کے ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر نہیں کئے گئے ۔ ان ڈبل بیڈ رومکانات میں دو بیڈ رومس ، ایک ہال ، کچن ، کے ساتھ 2 باتھ رومس تعمیر کیے جارہے ہیں ۔ ایک مکان کی تعمیر پر 9 لاکھ روپئے کے مصارف ہیں ۔ مارکٹ میں اسکی قدر 40 تا 50 لاکھ روپئے ہے ۔ مگر چیف منسٹر غریب عوام میں مفت تقسیم کررہے ہیں ۔ کمرشیل اپارٹمنٹس کے طرز پر ہی ڈبل بیڈ روم مکانات تعمیر کئے جارہے ہیں ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ گھر اچھے ہونا کافی نہیں ہے ۔ گھر اور گھر کے اطراف و اکناف بھی صاف صفائی کا خاص خیال ہونا چاہئے ۔ کچرے کو گھروں کے درمیان نہ پھینکنے کا عوام کو مشورہ دیا ۔ صاف صفائی سے بیماریاں قریب نہ آنے صحت مند رہنے کا دعویٰ کیا ۔۔
