ونپرتی میں بی آر ایس لیڈر کا بے رحمانہ قتل

   

ضلع میں سنسنی ، پولیس پر سنگین الزام ، رکن اسمبلی کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 23 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کے ضلع ونپرتی میں ایک سیاسی لیڈر کا قتل کردیا گیا ۔ انتخابی عمل کے بعد پیش آئی اس قتل کی سنگین واردات کو سیاسی مخاصمت سے تعبیر کیا جارہا ہے ۔ ضلع ونپرتی کے لکشمی پل گاوں میں بی آر ایس لیڈر سریدھر ریڈی کا انتہائی بے دردی سے قتل کردیا گیا ۔ قتل کے بعد ونپرتی ضلع میں سنسنی پیدا ہوگئی ۔ مقتول لیڈر کولہاپور کے سابق رکن اسمبلی ہرش وردھن ریڈی کا قریبی حامی تھا ۔ اس واردات پر ہرش وردھن ریڈی نے اپنے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس قتل کو سیاسی قتل قرار دیابتایا کہ کولہاپور علاقہ میں بی آر ایس قائدین اور کارکنوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ سابقہ رکن اسمبلی کولہا پور ہرش وردھن ریڈی نے پولیس پر معاملہ کی سنگینیت کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ کولہاپور میں بی آر ایس کارکنوں کو نشانہ بنانے کے خلاف ڈی جی پی سے شکایت کی گئی تھی لیکن پارٹی ورکرس اور قائدین کو لاحق خطرات کے خلاف شکایت پر کوئی توجہ مرکوز نہیں کی ۔ 45 سالہ سریدھر ریڈی پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ اپنے مرچی کے کھیت میں سو رہا تھا کہ نامعلوم افراد نے کلہاڑی سے حملہ کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع