ونپرتی۔/30 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وزیر زراعت سی نرنجن ریڈی نے آج تحصیلدار دفتر کے احاطہ میں منعقدہ اجلاس میں شادی مبارک و کلیان لکشمی کے چیکس کی تقسیم کی۔ اس موقع پر وزیر زراعت نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ لڑکیوں کی شادی ماں باپ پر بوجھ نہ بنے اس کیلئے ریاستی حکومت نے غریب و مستحق افراد کو شادی مبارک و کلیان لکشمی اسکیم کا آغاز کیا ہے جس سے ہزاروں خاندان مستفید ہورہے ہیں۔ غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت بے شمار اسکیمات متعارف کرتے ہوئے ان کو فائدہ پہنچارہی ہے۔ موجودہ دور میں شادی ماں باپ پر ایک بڑا بوجھ ہے۔ اس بوجھ کو کم کرنے کیلئے فی کس ایک لاکھ ایک سو سولہ روپئے امداد حکومت دے رہی ہے۔ اس موقع پر جملہ 211 جوڑوں کو شادی مبارک و کلیان لکشمی چیکس کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ بعد ازاں عوام کے ساتھ مل کر وزیر زراعت نے ناشتہ تناول کیا۔ اس موقع پر میونسپل چیرمین گٹو یادو ، وائس چیرمین سریدھر، زیڈ پی چیرمین لوکناتھ ، ایم پی پی کچا ریڈی، تحصیلدار راجندر گوڑ کے علاوہ دیگر موجود تھے۔