لاہور ۔22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )آسٹریلیا کے بعد ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان پر بھی سوالیہ نشان گیا ہے۔کرکٹ آسٹریلیا کے بعد ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان پر بھی سوالیہ نشان برقرار ہے تاہم ایک دو روز میں حتمی شیڈول کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ پی سی بی نے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ سے ویمن ٹیموں کے تین ٹی ٹوئنٹی میچز کراچی میں کھیلنے کا پروگرام بھجوا رکھا ہے، جس کے تحت مہمان ٹیم نے 26 جنوری کو کراچی پہنچنا ہے لیکن ابھی تک ویسٹ انڈین بورڈ نے کراچی میں کھیلنے کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا، پی سی بی حکام بھی اس حوالے سے فیصلے کے منتظر ہیں۔ ویسٹ انڈین بورڈ حکام اور ویمن کرکٹرز کی نمائندہ اسوسی ایشن کے درمیان اس سلسلے میں مذاکرات جاری ہیں، زیادہ ترکرکٹرز کراچی میں کھیلنے پرراضی ہیں، دوسرے کرکٹرز کو بھی منانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ویمن ٹیم کی کپتان اسٹیفی ٹیلر پہلے ہی اپنی مصروفیات کو جواز بناکر اپنی عدم دستیابی سے بورڈ کو آگاہ کرچکی ہیں، جس کے بعد پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے نئی کپتان کا انتخاب بھی نہیں کیا جاسکا۔ کراچی میں 31 جنوری، 1 اور 3 فروری کو ٹی ٹوئنٹی میچز کے بعد دونوں ٹیموں کو ونڈے سیریز یواے ای میں کھیلنا ہے۔ پی سی بی نے آسٹریلیا کے ساتھ 2 ونڈے میچز بھی پاکستان میں کروانے کا منصوبہ بنا رکھا ہے تاہم آسٹریلیائی میڈیا کے مطابق انکی ٹیم نے پاکستان جاکر کھیلنے سے معذرت کی ہے اور اب پانچ ونڈے میچز یواے ای میں ہی ہوں گے۔ دوسری طرف ترجمان پی سی بی نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم اور آسٹریلیائی ٹیم کے ساتھ دو ونڈے میچز پاکستان میں کھیلنے پر بورڈز کے ساتھ بات چیت جاری ہے تاہم ابھی تک کچھ فیصلہ نہیں ہوا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کیلئے آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم سے دو ونڈے پاکستان میں کھیلنے کی سفارش کی تھی جس پر ابتداء میں مثبت ردعمل ظاہر کیا گیا لیکن آخری لمحات میں آسٹریلیائی ٹیم نے پاکستانی دورہ کرنے سے معذرت کرلی جس کی وجہ سے اب دونوں ممالک کے درمیان سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی جائے گی۔