ونیزویلا نے اوسلو میں سفارتخانہ کیوں بند کر دیا؟

   

کراکس ۔ 14 اکٹوبر (ایجنسیز) ناروے کی وزارتِ خارجہ کے ایک اعلان کے مطابق ونیزویلا نے اوسلو میں اپنا سفارت خانہ بند کر دیا ہے اور اس فیصلے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔ اس اقدام کی تصدیق کراکس کی جانب سے بھی کر دی گئی ہے جو ونیزویلا کی اپوزیشن لیڈر ماریا کورینا ماچادو کو امن کا نوبل انعام دیے جانے کے تین روز بعد سامنے آیا۔ناروے کی وزارتِ خارجہ کی ترجمان سیسیلی روانگ نے پیر کے روز فرانسیسی خبر رساں ایجنسی فرانس پریس کو ای میل کے ذریعہ بتایا کہ ہمیں ونیزویلا کے سفارتخانہ کی جانب سے مطلع کیا گیا ہے کہ وہ اپنے دروازے بند کر رہے ہیں، تاہم وجوہات نہیں بتائی گئیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ یہ افسوسناک بات ہے۔ اگرچہ کئی معاملات میں ہمارے اختلافات ہیں، مگر ناروے … ونیزویلا کے ساتھ بات چیت کے دروازے کھلے رکھنے کا خواہاں ہے اور ایسا کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔دوسری جانب کراکس میں ونیزویلا کی وزارتِ خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ اوسلو میں سفارت خانہ بیرون ملک سفارتی مشنوں کی تنظیمِ نو کے سلسلے میں بند کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اس اعلان سے تین روز قبل اوسلو میں امن کا نوبل انعام ماریا کورینا ماچادو کو دیا گیا، جو صدر نکولس مادورو کے پیش رو ہوگو شاویز کی میراث کے خاتمہ کو اپنی سیاسی جدوجہد کا بنیادی مقصد قرار دیتی ہیں۔