آج 9.30 بجے شب ہوسکتا ہے فیصلہ‘ مداحوں کو بے صبری سے انتظار
پیرس : ملک بھر میں سب ہی کو آج شدت کے ساتھ ہندوستانی خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ کی ’سلور میڈل‘ والی درخواست پر سی اے ایس (کورٹ آف آربٹریشن فار اسپورٹس) کے فیصلے کا انتظار تھا لیکن یہ انتظار مزید طویل ہو گیا ہے۔ ہندوستانی وقت کے مطابق ہفتہ کو شب 9.30 بجے فیصلہ آنا تھا لیکن اسے ملتوی کرتے ہوئے 11 اگست کی نئی تاریخ دی گئی ہے۔جس کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے ۔ ونیش پھوگاٹ کا وزن 100 گرام زیادہ ہونے کی وجہ سے 50 کلو زمرہ کے فائنل مقابلہ میں انھیں اترنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی اور ٹورنامنٹ سے ڈسکوالیفائی کر دیا گیا تھا۔ اس کے خلاف ونیش نے کھیل پنچاٹ ’سی اے ایس‘ میں عرضی داخل کی تھی۔ اس پر سماعت مکمل ہو چکی ہے اور بس فیصلہ صادر ہونا ہے۔ آج امید کی جا رہی تھی کہ فیصلہ سامنے آ جائے گا لیکن اب کہا جا رہا ہے کہ فیصلہ 11 اگست کی شام 6 بجے (پیرس کے وقت کے مطابق) آئے گا۔ یعنی ہندوستان میں 11 اگست کی رات 9.30 بجے پتہ چل سکے گا کہ ونیش پھوگاٹ کو ’سلور میڈل‘ ملے گا یا نہیں۔ یہ فیصلہ ڈاکٹر اینابیل بینیٹ سنائیں گی۔واضح رہے کہ سی اے ایس دنیا بھر میں کھیلوں کے لیے بنایا گیا ایک خود مختار ادارہ ہے۔ اس کا کام کھیل سے جڑے سبھی قانونی تنازعات کی یکسوئی کرنا ہے۔ 1984 میں قائم یہ بین الاقوامی ادارہ کھیل سے جڑے تنازعات کو ثالثی کے ذریعہ نمٹاتا ہے۔ اس کا ہیڈکوارٹر لاجین (سوئٹزرلینڈ) میں ہے اور اس کی عدالتیں نیویارک، سڈنی اور لاجین میں واقع ہیں۔ جب اولمپک کا مقابلہ ہوتا ہے تو اس شہر میں عارضی طور پر سی اے ایس کی عدالتیں قائم کی جاتی ہیں۔ اس وقت پیرس میں یہ عدالت ہے جس میں ونیش پھوگاٹ معاملے کی سماعت ہوئی۔