نئی دہلی ۔ خاتون ریسلر ونیش پھوگاٹ پیرس اولمپکس میں میڈل جیتنے سے محروم ہوئی، وہ فائنل میں پہنچی لیکن مقررہ حد سے زیادہ وزن ہونے کی وجہ سے اسے نااہل قرار دے دیاگیا۔ اب اولمپکس میں ملک کے لیے برونز میڈل جیتنے والے پہلوان نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ یہ پہلوان کوئی اور نہیں بلکہ یوگیشور دت ہیں جنہوں نے کہا ہے کہ ونیش پھوگاٹ کو ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔ یوگیشور نے الزام لگایا کہ ونیش پھوگاٹ کو ان کی غلطی کی وجہ سے نااہل قراردیاگیا اور اب انہیں سب کے سامنے آکر معافی مانگنی چاہیے۔ ایک نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے یوگیشور دت نے کہا کہ ونیش پھوگٹ کی اپنی سوچ ہے لیکن سچ جاننا ملک کے لیے ضروری ہے۔ یوگیشور دت نے الزام لگایا کہ ونیش نے ملک کی شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش کی۔ انھوں نے کہا ونیش پھوگاٹ کو سب کے سامنے آنا چاہیے اور اولمپک گیمز سے نکالے جانے پر ملک سے معافی مانگنی چاہیے۔ انہیں تسلیم کرنا چاہیے کہ ان سے غلطی ہوئی ہے لیکن انہوں نے غلطی کا اعتراف کرنے کے بجائے ایک سازش رچی۔ وزیراعظم پر بھی الزامات لگائے ۔ ونیش نے ملک میں غلط ماحول پیداکیا۔ ایسا ماحول بنا جیسے ونیش کے ساتھ کچھ غلط ہوگیا ہو اوراگر میں ونیش کی جگہ ہوتا تو ملک سے معافی مانگتا۔