ون نیشن ، ون الیکشن کیلئے مشترکہ کمیٹی کی مدت میں توسیع

   

نئی دہلی :ہندوستان میں لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات ایک ساتھ کرانے کے مجوزہ بلوں پر غور کرنے کے لیے تشکیل دی گئی پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی کی مدت میں توسیع کر دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ 25 مارچ کو لیا گیا جب کمیٹی کو مانسون اجلاس کے آخری ہفتے تک اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔پارلیمنٹ کی 39 رکنی مشترکہ کمیٹی کو دو اہم بلوںآئین بل، 2024 اور ‘یونین ٹیریٹری لاز بل، 2024پر غور کے لیے تشکیل دیا گیا تھا۔ ان بلوں کا مقصد لوک سبھا اور اسمبلی کے انتخابات کو ایک ساتھ کرانے کا انتظام کرنا ہے۔
کمیٹی کے چیئرمین اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ پی پی چودھری نے لوک سبھا میں کمیٹی کی مدت میں توسیع کی تجویز پیش کی، جسے ندائی ووٹ سے منظور کر لیا گیا۔ کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان بلوں پر گہرائی سے غور کرے اور حتمی سفارشات پیش کرے۔یہ دونوں بل 17 دسمبر 2023 کو لوک سبھا میں پیش کیے گئے تھے۔ اب کمیٹی کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مانسون اجلاس کے پہلے ہفتے تک اپنی رپورٹ پیش کرے۔ یہ بل انتخابی عمل کو منظم اور مؤثر بنانے کے لیے ایک اہم اقدام سمجھے جا رہے ہیں، جس سے وقت اور وسائل کی بچت ممکن ہوگی۔یہ مجوزہ اقدام سابق صدر رام ناتھ کووند کی سربراہی میں قائم کی گئی اعلیٰ سطح کی کمیٹی کی سفارشات پر مبنی ہے۔ اس کمیٹی نے ایک ملک، ایک انتخاب کے نظریے کی حمایت کی تھی۔ ان سفارشات کی بنیاد پر حکومت نے دو بل پیش کیے، جن میں ایک آئینی ترمیمی بل اور دوسرا یونین ٹیریٹری لاز (ترمیمی) بل شامل ہے۔