’ون نیشن ون الیکشن‘ سے بہار کا کوئی فائدہ نہیں ہونے والا:تیجسوی

   

بھاگلپور: بہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے آج کہا کہ ‘ون نیشن ون الیکشن’ سے بہار کا کوئی فائدہ نہیں ہونے والا کیونکہ ریاستی حکومت یہاں مستحکم نہیں رہ پا تی ہے ۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے یادو نے کہا کہ ملک کے آئینی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے ون نیشن ون الیکشن کا قانون لایا جا رہا ہے جب الیکشن کمیشن بہار میں ایک مرحلہ میں انتخابات نہیں کرا پاتا تو پھر پورے ملک میں بیک وقت الیکشن کیسے کرائے گا؟ خاص کر بہار میں ایسا ممکن نہیں ہے ۔یادو نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی توڑ پھوڑ کی سیاست کرتی ہے ۔ ہمارے نتیش چچا کبھی یہاں رہتے ہیں اور کبھی وہاں۔ وہ پلٹی مارتے رہتے ہیں۔ حکومت گر گئی تو بہار میں کیا ہوگا؟ ایسی صورت حال میں ریاست پر صرف گورنر ہی حکومت کرے گا۔ اس سے عام لوگوں کو کوئی فائدہ نہیں ہونے والا ہے ۔اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار کے پاس کوئی ویژن بچا نہیں ہے ۔ وہ ایک تھکے ہوئے چیف منسٹر ہیں اور ریٹائرڈ افسران کے بھروسے حکومت چلا رہے ہیں۔ محنتی اور کام کرنے والے افسران کو چار پانچ لوگوں نے ہائی جیک کر لیا ہے ۔