پٹنہ: بہار جنتا دل یو کے ریاستی صدر امیش سنگھ کشواہا نے پیر کو ایک بیان جاری کرتے ہوئے مرکز کی مودی حکومت پر سنگین الزامات لگائے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کا ’ون نیشن ون الیکشن‘ کا نیا نعرہ مکمل طور پر انتخابی سیاست کا حصہ ہے ۔ مرکزی حکومت 9 سال تک سوئی ہوئی تھی لیکن اب لوک سبھا انتخابات قریب ہیں، وہ اہم مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے نئی چالیں چل رہی ہے ۔ریاستی صدر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی کوششوں سے موجودہ عوام مخالف حکومت کے خلاف جس طرح اپوزیشن جماعتیں متحد ہورہی ہیں، اس سے بی جے پی کی اعلیٰ قیادت خوفزدہ اور پریشان ہے اور اسی خوف کا نتیجہ ہے کہ مودی حکومت کبھی یکساں سول کوڈ کو نافذ کرتی ہے تو کبھی ایک ملک ایک انتخاب کی بات کرتی ہے ۔ عوام کے بنیادی مسائل سے جڑے مسائل پر بات کرنے کے علاوہ بی جے پی ان تمام غیر ضروری مسائل پر بات کرتی ہے ، تاکہ ملک کے لوگوں کو الجھن میں ڈالا جاسکے ۔ کشواہا نے کہا کہ مودی حکومت کو ملک کے نوجوانوں کی فکر نہیں ہے ، ملک کے کسانوں کی فکر نہیں ہے ، منی پور میں سسکتی ہوئی خواتین کی فکر نہیں ہے ۔، مہنگائی سے دوچار غریبوں کی فکر نہیں ہے اگر مودی سرکارکو فکر ہے تو اسے صرف اپنی کرسی کی فکر ہے ۔اسے اپنے چند صنعتکار دوستوں کو فائدہ پہنچانے کی فکر ہے ۔
9 سال سے بی جے پی نے ملک کے عوام کو دھوکہ دینے اورفریب دینے کا کام کیا ہے ۔ اب بی جے پی جتنی چاہے سازشیں کر لے لیکن 2024 میں عوام ان کے بہکاوے میں نہیں آئیںگے ۔