کپاس کی اقل ترین قیمت کے معاملے میں گجرات سے انصاف اور تلنگانہ سے ناانصافی کرنے پر برہمی
حیدرآباد۔/17 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے سینئر رکن اسمبلی و سابق ریاستی وزیر ہریش راؤ نے کپاس کی اقل ترین قیمت میں تلنگانہ سے ناانصافی پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا کہ ’’ ایک ملک ایک ایم ایس پی ‘‘ کیوں نہیں۔ سوشیل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ مرکزی حکومت ملک بھر میں کپاس کی یکساں اقل ترین قیمت ادا نہیں کررہی ہے۔ مرکزی حکومت ایک ملک ایک ٹیکس، ایک ملک اور ایک الیکشن اور ایک ملک و ایک راشن کے نعرے لگاتی ہے مگر اس پر عمل کرنے کے معاملے میں جانبداری سے کام لے رہی ہے۔ کپاس کیلئے ایک ملک اور ایک اقل ترین قیمت ہونی چاہیئے مگر مرکز کی طرف سے کپاس کیلئے ادا کی جانے والی امدادی قیمت پر ہر ریاست میں مختلف کیوں ہے وزیر اعظم سے استفسار کیا۔ انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معیاری کپاس اُگانے والی ریاست تلنگانہ کے کسانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جارہا ہے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ مرکز نے گجرات کپاس کیلئے فی کنٹل اقل ترین قیمت 8257 کروڑ روپئے مختص کی ہے تاہم تلنگانہ کے کپاس کیلئے صرف 7521 روپئے فی کنٹل اقل ترین قیمت مقرر کی ہے۔ انہوں نے مرکز سے سوال کیا کہ گجرات کیلئے ایک پالیسی اور تلنگانہ کیلئے ایک پالیسی کیوں اختیار کی جارہی ہے۔ تلنگانہ کے کسانوں سے امتیازی سلوک کرنے کی وجہ طلب کی ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت تلنگانہ کے ساتھ ہر معاملے میں ناانصافی کررہی ہے جس کا تلنگانہ کے عوام سخت نوٹ لے رہے ہیں وقت آنے پر اس کا حساب چکتا کریں گے۔2