الیکشن کمیشن کا سخت نوٹ۔ سائبر کرائم کے ذریعہ تحقیقات کرانے ڈی جی پی کو مکتوب
حیدرآباد ۔ چیف الیکٹورل آفیسر ڈاکٹر شیشانک گوئل نے کہا کہ گریجویٹ حلقوں کے کونسل انتخابات کے دوران رائے دہندوں میں چند سیاسی جماعتوں کی جانب گوگل پے اور پے ٹی ایم کے ذریعہ نقد رقم منتقل کرنے کی شکایتیں وصول ہوئی ہیں۔ سائبر کرائم کے تحت اس کی تحقیقات کرتے ہوئے رپورٹ پیش کرنے ڈی جی پی مہیندر ریڈی کو مکتوب روانہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رقم منتقل ہونے کی نشاندہی صرف ماہرین سائبر ہی کرسکتے ہیں۔ شیشانک گوئل نے کہا کہ حلقہ گریجویٹ حیدرآباد، رنگا ریڈی، محبوب نگر میں تانڈور میونسپل چیرپرسن دوسروں کا ووٹ ڈالنے کی گریٹر حیدرآباد الیکشن آفیسر نے نشاندہی کرتے ہوئے رپورٹ پیش کی ہے۔ اس کی مزید تحقیقات کے لئے رپورٹ کو ضلع وقار آباد کے کلکٹر سے رجوع کردیا گیا ہے۔ اگر میونسپل چیرپرسن کی جانب سے دوسروں کا ووٹ ڈالنے کی تصدیق ہو جاتی ہے تو ان کے خلاف قواعد کے مطابق مقدمہ درج کیا جائے گا۔ اس کا تفصیلی جائزہ لیا جارہا ہے۔