سنگاریڈی میں عہدیداروں کو ضلع کلکٹر کی ہدایت ، جائزہ اجلاس کا انعقاد
سنگا ریڈی ۔7 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )سنگا ریڈی ضلع الیکشن آفیسر ضلع کلکٹر پی پراونیا نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ ایسے اقدامات کریں کہ جس سے پٹن چیرو حلقہ کے ووٹرز اپنے ووٹ کا استعمال آسانی سے کر سکیں۔کلکٹریٹ کانفرنس ہال سنگا ریڈی میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں پٹن چیرو حلقہ کے ای آر او، اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس، میونسپل کمشنرس اور جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے شرکت کی اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کلکٹر نے کہا نقشوں کو اس طرح ڈیزائن کیا جائے کہ ایک ہی خاندان کے ووٹر ایک ہی پولنگ اسٹیشن پر ووٹ ڈال سکیں جس میں کہا گیا کہ پولنگ اسٹیشنس اپنے متعلقہ وارڈز کی حدود میں ہونے چاہئیں اس طرح نقشے تیار کیے جائیں تاکہ پٹن چیرو حلقہ کے تمام 422 پولنگ اسٹیشنوں میں ووٹر اپنی رہائش گاہ کے قریب ووٹ ڈال سکیں اس موقع پر جی ایچ ایم سی کے تحت 116 پولنگ اسٹیشنوں کے لیے پہلے سے تیار کردہ نقشوں کی جانچ کی گئی ۔نقشوں کی تیاری کے دوران اس بات کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں کہ ووٹرز کالونی اور موضع کی حدود کو عبور کرکے دوسرے علاقوں میں نہ جائیں بلکہ وہ جس موضع کالونی میں رہتے ہیں وہاں ووٹ ڈالیں۔ یہ ہدایت دی گئی کہ حلقہ کی سطح کا نقشہ چار دنوں کے اندر تیار کیا جائے اور پٹن چیرو حلقہ کے تمام 422 پولنگ اسٹیشنوں کے نقشے اگلے پیر تک مکمل کر لیے جائیں اِس موقع پر ضلع ایڈیشنل الیکٹورل آفیسر؍ ایڈیشنل کلکٹر (ریونیو) مادھوری، ای آر او؍ پٹن چیرو حلقہ اسپیشل آفیسر؍ اقلیتی بہبود آفیسر دیوجا، پٹانچیرو حلقہ کے تمام منڈلوں کے اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس، جی ایچ ایم سی اور میونسپل عہدیداروں نے شرکت کی۔