ووٹر آئی ڈی نہ ہونے پر 12 متبادل شناختی کارڈس قابل قبول

   

پولنگ کے دوران فہرست رائے دہندگان میں رجسٹر ہونا لازمی: الیکشن کمیشن

پٹنہ، 10 اکتوبر (یو این آئی) الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ جن ووٹروں کے پاس ووٹر آئی ڈی (ای پی آئی سی) کارڈ نہیں ہے لیکن وہ ووٹر لسٹ میں رجسٹرڈ ہیں تو وہ 12 میں سے کوئی ایک متبادل باتصویر شناختی کارڈ دکھا کر ووٹ ڈال سکیں گے ۔ الیکشن کمیشن نے ووٹروں کی سہولت کیلئے اس اہم فیصلے کے حوالے سے جمعہ کو ایک بیان جاری کیا۔ اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے ذریعہ تسلیم کردہ متبادل شناختی کارڈوں کی فہرست میں آدھار کارڈ، منریگا جاب کارڈ، بینک یا پوسٹ آفس سے جاری کردہ باتصویر پاس بک، وزارت محنت یا آیشمان بھارت یوجنا کے تحت جاری کردہ ہیلتھ انشورنس اسمارٹ کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، پین کارڈ، این پی آر کے تحت آر جی آئی کی جانب سے جاری کردہ اسمارٹ کارڈ، مرکزی ریاستی حکومت کی طرف سے جاری کردہ دستاویز، شناختی کارڈ، پی پی سروس کے ذریعہ جاری کردہ دستاویز، پی ایس یو، پبلک لمیٹڈ کمپنی، اراکین پارلیمنٹ، ایم ایل اے ، قانون ساز کونسل کے اراکین کو جاری کردہ سرکاری شناختی کارڈ اور وزارت سماجی انصاف وتفویض اختیارات کی طرف سے جاری کردہ یو ڈی آئی ڈی کارڈ۔ شامل ہیں۔ الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ پولنگ کے دن اپنا ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹر لسٹ میں رجسٹر ہونا لازمی ہے ۔ صرف شناختی کارڈ ہونا کافی نہیں ہوگا۔ مزید برآں، خواتین کی شرکت کو بڑھانے کیلئے خاص طور پر ’پردہ نشیں‘ (برقع یا نقاب پہننے والی خواتین کیلئے) الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنوں پر خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ خواتین پولنگ افسران کی موجودگی میں رازداری کو یقینی بناتے ہوئے ان کی شناخت کی جائے گی۔ کمیشن کے مطابق بہار میں تقریباً 100فی صد ووٹروں کو ای پی آئی سی کارڈ جاری کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے چیف الیکٹورل آفیسر کو حتمی ووٹر لسٹ کی اشاعت کے 15 دنوں کے اندر نئے ووٹروں کو ای پی آئی سی کارڈ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔