ووٹر ادھیکار یاترا کے اسٹیج سے مودی کو گالی گلوچ کا الزام، ایف آئی آر درج

   

پٹنہ، 28 اگست (یو این آئی) بہاربی جے پی کے میڈیا انچارج دانش اقبال نے پٹنہ کے کوتوالی تھانے میں ایک ایف آئی آر درج کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ووٹر ادھیکار یاترا کے ایک پروگرام کے دوران ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اسٹیج سے بدسلوکی کی گئی۔ سوربھ راج نامی شخص کے ایکس اکاؤنٹ اور اس پر جاری ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے مسٹر اقبال نے ایف آئی آر میں لکھا ہے کہ ویڈیو کلپ سے واضح ہے کہ وزیر اعظم مودی کے ساتھ بدسلوکی کی گئی ہے ۔ انہوں نے لکھا ہے کہ انڈیا اتحاد کے رہنماؤں کے اس فعل سے کروڑوں ہندوستانی شہریوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے ۔ بی جے پی کے میڈیا انچارج نے لکھا ہے کہ مسٹر مودی ملک کے منتخب وزیر اعظم ہیں اور انہیں عوامی پلیٹ فارم سے گالی دینا قابل سزا جرم ہے اور یہ کام انڈیا اتحاد کے لیڈر کر رہے ہیں۔ انہوں نے ایف آئی آر میں گزارش کی ہے کہ پروگرام کے منتظمین اور وزیر اعظم کو گالیاں دینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔ قابل ذکر ہے کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی، راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے لیڈر تیجشوی یادو اور اپوزیشن لیڈر گزشتہ 12 دنوں سے ووٹرادھیکار یاترا نکال رہے ہیں اور اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر) میں مبینہ بے ضابطگیوں کو لے کر تقریروں میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔