ووٹر سلپ کے بغیر بھی ووٹ ڈالیں دیگر 12 دستاویزات بطور شناختی کارڈ پیش کرنے کی سہولت

   

حیدرآباد۔7 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) مراکز رائے دہی پر رائے دہندوں کو محض ووٹر شناختی کارڈ کے ذریعہ ہی اپنی شناخت ظاہر کرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اگر کسی کے پاس ووٹر شناختی کارڈ نہیں ہے تو ایسی صورت میں وہ دیگر 12 دستاویزات کو بطور شناختی کارڈ پیش کرسکتے ہیں ۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے جاری کردہ ان شناختی دستاویزات کی فہرست میں ووٹر شناختی کارڈ کے علاوہ پاسپورٹ‘ ڈرائیونگ لائسنس ‘ سروس شناختی کارڈ‘ سرکاری شناختی کارڈ‘ بینک یا پوسٹ آفس پاس بک‘ پیان کارڈ‘ اسمارٹ کارڈ‘ من ریگا کارڈ‘ ہیلت انشورنس کارڈ برائے لیبر جاری کردہ وزارت لیبر حکومت ہند‘شناختی کارڈ برائے معذورین ‘ پینشن دستاویزات کے علاوہ آدھار کارڈ پیش کیا جاسکتا ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے لئے کی جانے والی کوششوں کے دوران شعوربیداری کے لئے جاری کی گئی ان تفصیلات میں کہا گیا ہے کہ اگر کسی کے پاس ووٹر شناختی کارڈ موجود نہیں ہے تو ایسی صورت میں وہ ان دیگر 12 دستاویزات کو پیش کرتے ہوئے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرسکتے ہیں ۔ ملک بھر میں شہری علاقوں میں رائے دہی کے فیصد میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ کو دور کرنے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے تحت الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے متعدد تشہیری مواد جاری کیا جا رہاہے اور شہریوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے ووٹ کی اہمیت کومحسوس کریں اور حق رائے دہی سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے جمہوریت کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے لئے کی جانے والی کوششوں کے دوران الیکشن کمیشن آف انڈیا کے علاوہ غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے بھی عوام میں شور اجاگر کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ 13مئی کو عام انتخابات کے لئے ہونے والی رائے دہی میں اپنے ووٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں۔ ووٹر شناختی کارڈ نہ ہونے پر الیکشن کمیشن کی جانب سے منظورہ دیگر دستاویزات کے ساتھ مرکز رائے دہی پر رجوع ہوتے ہوئے اپنے ووٹ کا استعمال کرسکتے ہیں لیکن اس بات کا عام شہریوں کو علم نہ ہونے کے سبب وہ ووٹر شناختی کارڈ نہ ہونے کے نتیجہ میں مراکز رائے دہی پہنچنے سے گریز کرتے ہیں لیکن ووٹر شناختی کارڈ کے علاوہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ایسے دیگر 12 شناختی دستاویزات کو منظوری دی ہے جن کے استعمال کے ذریعہ ووٹ کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔3