وکاس راج کی وضاحت ، تلنگانہ میں فہرست رائے دہندگان کی 8 فروری کو اشاعت
حیدرآباد ۔یکم جنوری (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج نے سیاسی پارٹیوں سے اپیل کی کہ مجوزہ لوک سبھا چناؤ کے انعقاد میں کمیشن سے تعاون کریں۔ وکاس راج نے سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ ہر ہفتہ اجلاس کرتے ہوئے فہرست رائے دہندگان کی تیاری کی تفصیلات سے آگاہ کرنے اور عوام میں شعور بیداری کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو تلنگانہ کی قطعی ووٹر لسٹ جاری کردی جائے گی ۔ 6 جنوری کو فہرست رائے دہندگان کا مسودہ جاری کیا جائیگا اور 22 جنوری تک ناموں کی شمولیت کے علاوہ عوام کے اعتراضات اور دعوے قبول کئے جائیں گے ۔ 20 اور 21 جنوری کو خصوصی مہم چلائی جائے گی تاکہ 18 سال کی تکمیل کرنے والے افراد اپنے نام شامل کرسکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن کی ہدایات کے مطابق پولنگ اسٹیشنوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی ۔ 28 ڈسمبر 2023تک تلنگانہ میں ووٹرس کی جملہ تعداد 32844894 درج کی گئی جن میں 16425784 خواتین اور 15396 سرویس ووٹرس ہیں۔ مجموعی رائے دہندوں میں 18 اور 19 سال عمر کے 1049645 رائے دہندے ہیں۔ 80 سال سے زائد عمر کے سینئر سٹیزن رائے دہندوں کی تعداد 435016 اور معذورین کی تعداد 505493 درج کی گئی ہے۔ فہرست رائے دہندگان میں 224475 مقامات پر یکساں تصاویر کی نشاندہی کی گئی۔ اس کے علاوہ 173851 یکساں انٹریز پائی گئی ہیں۔ تلنگانہ میں جملہ پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 35655 ہے جن میں دیہی علاقوں میں 20937 پولنگ اسٹیشن ہیں۔ 28 ڈسمبر 2023 تک تلنگانہ میں رجسٹرڈ غیر مسلمہ سیاسی پارٹیوں کی تعداد 122 درج کی گئی جن میں سے 50 پارٹیوں نے اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا۔ الیکٹورل آفیسر کی جانب سے ہر ہفتہ سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے موصولہ اعتراضات کی تفصیلات حوالے کی جائیں گی۔ اضلاع اور اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر گزشتہ سال نومبر ڈسمبر میں 2100 اجلاس منعقد کئے گئے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے 16 قومی اور علاقائی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ آدھار کو ووٹر شناختی کارڈ سے مربوط کرنے کے مسئلہ پر وکاس راج نے بتایا کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر دوران ہے۔ ایک ہی مکان میں زائد ووٹرس کی شکایت پر ریٹرننگ آفیسر کو اعتراضات کی سماعت اور یکسوئی کا اختیار دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ضعیف العمر افراد کے لئے ہوم ووٹنگ کی سہولت میں اضافہ کیا جائے گا۔ ناموں کی شمولیت اور اخراج سے متعلق تفصیلات چیف الیکٹورل آفیسر کے ویب سائیٹ پر پیش کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ 3 جنوری تک 55 لاکھ ووٹر شناختی کارڈ پرنٹ کرکے ووٹرس کو روانہ کئے گئے ۔ 1