ووٹر لسٹمیں ناموں کی شمولیت اور تصحیح کیلئے گنجائش

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔/23 اگسٹ، ( سیاست نیوز) حیدرآباد ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر رونالڈ راس نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے حیدرآباد ضلع کے 15 اسمبلی حلقہ جات کے رائے دہندوں کی فہرست کا مسودہ جاری کردیا ہے۔ عوام ویب سائیٹ www.ceotelangana.inc.in پر فہرست کا مشاہدہ کرسکتے ہیں۔ اگر ووٹر لسٹ میں نام موجود نہیں ہے یا پھر نام یا ایڈریس میں کوئی غلطی ہو یا ووٹر کسی اور مقام پر منتقل ہوچکا ہو تو 19 ستمبر تک ویب سائیٹ پر تبدیلی کی جاسکتی ہے۔ آخری تاریخ کا انتظار کئے بغیر ووٹرس کو چاہیئے کہ وہ ویب سائیٹ پر فہرست رائے دہندگان میں نام کی جانچ کرلیں۔
یکم اکٹوبر 2023 تک 18 سال کی تکمیل کرنے والے نوجوان جنہوں نے ابھی تک اپنا نام درج نہیں کرایا اور ایسے افراد جن کے پاس ووٹر شناختی کارڈ موجود ہے لیکن فہرست میں نام موجود نہیں وہ فارم 6 کے ذریعہ اپنے نام کی شمولیت کی درخواست دے سکتے ہیں۔ آدھار کو ووٹر شناختی کارڈ سے مربوط کرنے کیلئے فارم 6B استعمال کیا جاسکتا ہے۔ دیگر اعتراضات کے سلسلہ میں فارم 7 دستیاب رہے گا۔ نام اور دیگر تفصیلات میں غلطی کی صورت میں فارم 8 کی مدد لی جاسکتی ہے۔ افراد خاندان کے نام اگر ایک پولنگ اسٹیشن کے بجائے مختلف پولنگ اسٹیشنوں میں موجود رہیں تو ایسی صورت میں بھی اصلاح کی گنجائش ہے۔ نام اور تصویر میں فرق کو دور کرنے کیلئے الیکشن کمیشن نے سہولت فراہم کی ہے۔ ووٹر ہیلپ لائن ایپ کو اپنے موبائیل پر ڈاون لوڈ کرتے ہوئے اس سہولت سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔