ووٹر لسٹ میں اہم شخصیات کے بوگس ناموں کیخلاف ایف آئی آر

,

   

چیف الکٹورل آفیسر اور سابق الیکشن کمشنر راوت کے ناموں کی شکایات پر کارروائی
حیدرآباد۔ 28 جنوری (سیاست نیوز) فہرست رائے دہندگان میں بوگس ووٹرس کے اندراج کی مسلسل شکایات پر عدم کارروائی کے نتیجہ میں ایک ایسا معاملہ سامنے آیا ہے جس میں الیکشن کمیشن سے تعلق رکھنے والی دو اہم شخصیتوں کے بوگس شناختی کارڈس حلقہ اسمبلی نامپلی سے تیار کئے گئے ہیں۔ اس ضمن میں سنٹرل کرائم اسٹیشن (سی سی ایس) پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ تفصیلات کے بموجب جی ایچ ایم سی سرکل 12 مہدی پٹنم کے الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر محمد خواجہ انکشاف علی نے سی سی ایس پولیس میں ایک تحریری شکایت درج کروائی جس میں نامعلوم افراد کی جانب سے سابق چیف الیکشن کمشنر او پی راوت اور تلنگانہ کے چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار کے ووٹر شناختی کارڈ تیار کئے گئے ہیں۔ پولیس نے اس پر کارروائی کرتے ہوئے تعزیرات ہند کی دفعات ، آر پی ایکٹ اور آئی ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ پولیس کی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ حلقہ اسمبلی نامپلی میں اوم پرکاش راوت جو سابق الیکشن کمیشن آف انڈیا ہیں اور رجت کمار چیف الیکٹورل آفیسر ہیں ، کے نام پر حلقہ اسمبلی نامپلی کے اویسی پورہ میں ڈور نمبر 10-4-771/335 پر دو شناختی کارڈ کے پتہ پر تیار کئے گئے ہیں۔ سی سی ایس پولیس نے اس فہرست کو آن لائن بھی جانچ کی جس میں دو اہم شخصیتوں کے نام موجود ہیں۔ اس سلسلے میں ربط پیدا کئے جانے پر ڈپٹی کمشنر پولیس سی سی ایس اویناش مہنتی نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کی شکایت پر ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں تحقیقات کی جائے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ حلقہ اسمبلی نامپلی کے شکست خوردہ کانگریس امیدوار فیروز خان نے دھرنا چوک پر ایک احتجاج کیا تھا جس میں فہرست رائے دہندگان میں مذکورہ دو ناموں کی موجودگی کا انکشاف کیا تھا۔