حیدرآباد/10 ستمبر، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے فہرست رائے دہندگان پر نظر ثانی کے کام میں تیزی پیدا کرکے تمام مستحق افراد کے ناموں کی شمولیت و فہرست میں خامیوں کو درست کرنے پر توجہ مرکوز کی ہے۔ ایسے مکانات جہاں 6 یا 6 سے زائد ووٹر ہیں ان کا گھر گھر پہنچ کر سروے کرتے ہوئے نام، عمر، فوٹو اور دیگر تفصیلات کی جانچ کی جارہی ہے۔ مقامی غیر سرکاری تنظیموں اور کالجس میں ناموں کی شمولیت کی مہم شروع کی گئی۔ ذرائع کے مطابق فارم 6 کے ذریعہ تقریباً 17 لاکھ ووٹرس نے ناموں کی شمولیت کی درخواست دی ہے جن میں سے گریٹر حیدرآباد کے 4اضلاع سے 7.15 لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں۔ فارم 8 کے ذریعہ مختلف غلطیوں کو درست کرنے کیلئے 11.80 لاکھ درخواستیں داخل کی گئیں جن میں سے گریٹر حیدرآباد کے 4 اضلاع سے 3.77 لاکھ درخواستیں داخل کی گئیں۔ سابق میں اتنی بڑی تعداد میں غلطیوں کو درست کرنے کی درخواستیں داخل نہیں ہوئی ہیں۔ فہرست میں خامیوں کودرست کرنے 40 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو تحصیلدار اور دو نائب تحصیلدار پر مشتمل ہیں جو تمام 119 اسمبلی حلقہ جات میں کام کریں گے۔