ووٹر لسٹ میں ناموں کا اندراج، لاپرواہی نقصاندہ

   

محبوب نگر میں مسلم مشاورتی فورم کے ذمہ داروں کی پریس کانفرنس،سیکولرازم کو مضبوط کرنے کی کوشش
محبوب نگر۔/6 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) متحدہ ضلع محبوب نگر کے تمام اسمبلی حلقہ جات کے عوام بحیثیت ووٹر اپنا نام ووٹر لسٹ میں درج کروائیں۔ متحدہ مسلم مشاورتی فورم محبوب نگر کے ذمہ داران نے آج مستقر محبوب نگر پر ایک پریس کانفرنس میں عوام کو مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ بالخصوص مسلمان، دلت، آدی واسی و دیگر طبقات کے وہ افراد جن کا نام ووٹر لسٹ میں شامل نہیں ہے یا جن کی عمر 18 سال مکمل ہوچکی ہو وہ بلا تاخیر اپنا نام درج کروالیں۔ فاشسٹ اور ملک و قوم دشمن طاقتوں کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے ہم سب کا اتحاد اشد ضروری ہے۔ ہماری معمولی سی غفلت اور لاپرواہی سے حالات بدترین ہوسکتے ہیں جس کے لئے شعور بیداری بھی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ جمہوریت میں سب سے بڑی طاقت ووٹ کی ہے جس کے ذریعہ ملک میں امن و امان، بھائی چارگی اور سیکولرازم کو مضبوط کیا جاسکتا ہے اور ملک دشمن طاقتوں کو بے دخل کیا جاسکتا ہے۔ ذمہ داران نے اعلان کیا کہ اس مقصد کے تحت فورم کا ایک وفد محبوب نگر پارلیمانی حلقہ کے تحت تمام اسمبلی حلقہ جات کا دورہ کرے گا اور سیکولر طاقتوں کو متحد کرنے کیلئے جان توڑ کوشش کرے گا تاکہ ایک سیکولر پارٹی اور امیدوار کے حق میں راہ ہموار کی جاسکے۔ اس کیلئے مسلم ، دلت، آدی واسی و دیگر سیکولر تنظیموںو قائدین سے ملاقاتیں اور گول میز کانفرنس کا اہتمام کیا جائے گا۔ذمہ داران نے عوام سے اس مہم میں حصہ لینے اور حسب استطاعت تعاون کی اپیل کی۔ مخاطب کرنے والوں میں غلام غوث کنوینر فورم، شیخ سراج الدین، میر شعیب علی، حاجی سلیم ایڈوکیٹ، خالد نوید، محمد اسمعیل و دیگر شامل ہیں۔