ووٹر لسٹ میں ناموں کی شمولیت کیلئے 19 ستمبر تک مہلت، اسمبلی چناؤ کیلئے الیکشن کمیشن کی تیاری

   

موبائیل ایپ سے فارم 6 کے ادخال کی سہولت، ناموں کی شمولیت کیلئے جناب زاہد علی خاں کی اپیل
حیدرآباد ۔7۔ ستمبر (سیاست نیوز) جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت پر توجہ دیں۔ جناب زاہد علی خاں نے اپیل جاری کرتے ہوئے کہا کہ 18 سال کی تکمیل کرنے والے ہر شہری کو ا پنا نام ووٹر لسٹ میں شامل کرانا چاہئے ۔ تاکہ اپنے دستوری حق کا استعمال کرتے ہوئے اپنی پسند کے عوامی نمائندہ کو منتخب کرسکیں۔ ووٹر شناختی کارڈ ملک میں حکومت کی فلاحی اسکیمات سے استفادہ کیلئے لازمی بن چکا ہے ۔ انہوں نے ناموں کی شمولیت اور غلطیوں کو درست کرنے کی مہم میں شامل ہونے عوام سے اپیل کی۔تلنگانہ اسمبلی چناؤ کے پیش نظر الیکشن کمیشن آف انڈیا نے فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کا کام شروع کردیا ہے ۔ اس مہم کے تحت فہرست رائے دہندگان میں نئے ناموں کی شمولیت اور موجودہ ناموں میں اسی طرح کی تصحیح کی گنجائش فراہم کی جائے گی ۔ ایسے تمام شہری جو یکم اکتوبر 2023 ء تک 18 سال کے ہوجائیں گے ، وہ ووٹر لسٹ میں اپنے نام کی شمولیت کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن نے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کیلئے 19 ستمبر تک درخواستوں کے ادخال کی مہلت دی ہے۔ فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کا کام یکم اکتوبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ووٹر لسٹ میں ناموں کی شمولیت کیلئے ووٹر ہیلپ لائین ایپ اپنے موبائیل پر ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے فارم 6 کے ذریعہ درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ آف لائین درخواستیں بوتھ لیول آفیسر کے پاس شخصی طور پر داخل کی جاسکتی ہیں۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا اور چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ کی ویب سائیٹ پر آن لائین درخواستوں کے ادخال کی سہولت دستیاب ہے۔ جناب زاہد علی خاں نے کہا کہ جمہوریت میں ہر شہری کیلئے ووٹ ایک ایسا حق ہے جس کے ذریعہ وہ اپنی پسند کے امیدوار یا پھر حکومت کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ یکم جنوری 2004 ء یا اس سے قبل پیدا ہونے والے افراد ووٹر لسٹ میں نام کی شمولیت کے مستحق قرار پائیں گے۔ ووٹر شناختی کارڈ کی تیاری کو الیکشن کمیشن نے آسان بنادیا ہے ۔ ابتداء میں ووٹر شناختی کارڈ کیلئے 3 تا 6 ماہ انتظار کرنا پڑتا تھا لیکن اب اندرون ایک ماہ نیا ووٹر شناختی کارڈ جاری کیا جارہا ہے۔ موبائیل فون پر ووٹر ہیلپ لائین اپلیکیشن ڈاؤن لوڈ کرتے ہوئے فارم 6 کو پر کرنا ہوگا ۔ درخواست فارم میں جو موبائیل نمبر درج کیا جائے گا، اسی پر OTP نمبر آئے گا جس کی تکمیل کے ذریعہ فارم کو مکمل کیا جاسکتا ہے۔ 21 سال سے زائد عمر کے افراد کو ایج ڈکلیریشن فارم فلپ کرنا ہوگا ۔ فارم کی تکمیل کے بعد اسکیان کرتے ہوئے اپ لوڈ کیا جاسکتا ہے ۔ 21 سال سے کم عمر کے افراد کے لئے ایج ڈکلیریشن فارم کی ضرورت نہیں ہے ۔ آن لائین فارم کے ادخال کے بعد ریفرنس نمبر جاری کیا جائے گا جس کے ذریعہ شناختی کارڈ کے اجرائی کے موقف کا پتہ چلایا جاسکتا ہے ۔ درخواست فارم کے ادخال کے بعد بوتھ لیول عہدیدار کی جانب سے فیلڈ ویریفیکیشن کیا جائے گا جس کی بنیاد پر شناختی کارڈ جاری ہوگا جو رائے دہندہ کو پوسٹ کے ذریعہ حاصل ہوگا۔ الیکشن کمیشن میں فہرست رائے دہندگان میں نام ، پتہ اور دیگر تبدیلیوں کیلئے فارم 7 کی سہولت رکھی ہے۔ الیکشن کمیشن نے تلنگانہ کیلئے فہرست رائے دہندگان کا مسودہ 21 اگست کو جاری کردیا ہے ۔ وارڈ اور دیہاتوں کی سطح پر عوام سے اعتراضات وصول کرنے کیلئے 2 روزہ مہم چلائی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ قطعی فہرست رائے دہندگان 4 اکتوبر کو جاری کردی جائے گی۔ فہرست رائے دہندگان کے مسودہ کے مطابق تلنگانہ میں جملہ رائے دہندوں کی تعداد 30642333 درج کی گئی ہے جن میں 15373066 مرد اور 15251797 خاتون رائے دہندے شامل ہیں۔ اعتراضات اور دعوؤں کے ادخال کیلئے 19 ستمبر تک مہلت رہے گی۔