ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج کیلئے منظم اقدامات

   

کریم نگر میں مسلم سینئیر سٹیزنس ویلفیر آرگنائزیشن کے ذمہ داروں کا بیان

کریم نگر /19 مارچ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مسلم سینئیر سٹیزنس ویلفیر آرگنائزیشن کریم نگر کی جانب سے سینئیر سٹیزنس کے مسائل کو حل کرتے ہوئے مسلم اقلیتوں کے اہم مسائل کی حل کی بھی ممکنہ کوشش کی جارہی ہے ۔ جن میں قابل ذکر یکم جنوری 2023 تک 18 سال تکمیل کرنے والے مرد و خواتین کے ناموں کے ووٹر لسٹ میں منظم انداز میں اندراج کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ صدر مسلم سینئیر سٹیزنس کریم نگر موظف تحصیلدار ایم اے حمید نے اردو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یہ انکشاف کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی کریم نگر میں رائے دہندوں کی جملہ تعداد 318,363 ہے ۔ جبکہ مسلم اقلیتوں کے ووٹوں کی صحیح مردم شماری کرتے ہوئے مکمل فہرست تیار کی گئی ہے اور اس وقت مسلم سینئیر سٹیزنس کریم نگر کی جانب سے 60,393 کے ناموں کی فہرست پولنگ بوتھس کے لحاظ سے تشکیل دی گئی ہے ۔ ہر مسجد کے علاقے سے دو یا تین نوجوان والینٹرس کو الکٹرول ایپ کے ذریعہ نئے ناموں کے اندراج کی ٹریننگ دی جائے گی ۔ اعزازی صدر محمد نسیم الدین نے انجینئیر عارف عثمانی کی جانب سے رائے دہندگان کی قطعی فہرست کی مکمل تیاری میں ان کے بھرپور تعاون پر سینئیر سٹیزنس کی جانب سے شکریہ ادا کیا اور ان کی تہنیت پیش کرتے ہوئے گلپوشی کی گئی ۔ اس موقع پر انجینئیر نسیم الدین ، صدر عبدالحمید اور جنرل سکریٹری عبداللہ انصاری ، چیف ایڈوائزر غیاث الدین نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ ووٹر لسٹ میں نئے نام فی الفور اندراج کروائیں اور ووٹ کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اس اہم کام کو انجام دیں ۔ جوکہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس اجلاس میں سینئیر سیٹیزن کے ذمہ داران مصطفی علی انصاری ، محمد محسن علی ، محمد رفیق ، محی الدین علی اور دیگر موجود تھے ۔