بھاگلپور، 10 جولائی (یواین آئی) بہار کے بھاگلپور ضلع میں جاری ووٹر لسٹ نظر ثانی کے کام میں لاپرواہی برتنے پر ایک آنگن واڑی سیویکا انجنی کماری کو آج برخاست کر دیا گیا ہے اور 12 اساتذہ کی تنخواہ پر روک لگا دی گئی ہے ۔سرکاری ذرائع نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ ضلع کے پیرپینتی بلاک کے آنگن واڑی سنٹر نمبر۔273 کی سیویکا انجنی کماری کو بوتھ نمبر۔23 کا پولنگ ایگزیکٹیو آفیسر بنایا گیا تھا۔ لیکن وہ اپنے کام کے علاقے سے غیر حاضررہی اور ابھی تک پولنگ سینٹر سے متصل علاقے میں گنتی کے فارم کی تقسیم اور دوبارہ جمع کرنے کا کام شروع نہیں کیا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ اس سلسلے میں کہلگاں کی اصلاحات اراضی کی ڈپٹی کلکٹر کم الیکٹورل رجسٹریشن آفیسر اور سرکل آفیسر کے ذریعہ نظرثانی کے کام میں مذکورہ کارکن کی جانب سے کی گئی لاپرواہی کی تحریری شکایت موصول ہوئی تھی۔ اس کے بعد چائلڈ ڈیولپمنٹ پروجیکٹ آفیسر نے اپنی رپورٹ میں سیویکا کے خلاف کارروائی کی سفارش کی تھی۔ جس کی روشنی میں ڈسٹرکٹ پروگرام آفیسر (آنگن واڑی) نے مذکورہ سیویکاکو برطرف کر دیاہے ۔