غلطیوں سے پاک انتہائی شفاف فہرست تیار کرنے پر زور
کوتاہی کے خلاف انتباہ ، سی ای او کی ویڈیو کانفرنس
حیدرآباد 15 نومبر ( سیاست نیوز) چیف الکٹورل آفیسر سی سدرشن ریڈی نے ووٹر لسٹ پر خصوصی نظر ثانی ( SIR ) کو انتہائی شفاف ،درست اور بروقت انجام دینے کی تمام عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ ہفتہ کو ویڈیو کانفرنس میں انہوں نے ریاست بھر کے ای آر اوز اور اے آر اوز سے براہ راست بات چیت کرکے ووٹر لسٹ کے ہر مرحلے کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا ۔ انہوں نے انتخابات کے منصفانہ انعقاد کیلئے غلطیوں سے پاک ووٹر لسٹ کی تیاری کیلئے خصوصی توجہ اور الیکشن کمیشن کے رہنماخطوط پر سختی سے عمل ، زیر التواء کاموں کو فوری مکمل کرنے ، فیلڈ ویریفیکیشن میں کوئی کوتاہی نہ برتنے اور ڈیٹاانٹری کو صد فیصد درست رکھنے کی سخت ہدایت دی ۔ ووٹر لسٹ کی تیاری ، دعوے اور اعتراضات کے حل ، ڈیٹا کی جانچ اور فیلڈ ٹیموں کی پیشرفت سے متعلق رپورٹس پیش کئے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر سدرشن ریڈی نے کہا کہ ووٹر لسٹ کی کوالیٹی کو بہتر بنانے زیادہ محنت اور ذمہ داری سے کام کریں ۔ اس ویڈیو کانفرنس میں ڈپٹی سی ای او ہری سنگھ کے بشمول چیف الیکٹورل آفیسر کے سینئیر عہدیداروں نے بھی حصہ لیا اور SIR پروگرام کے تمام تکنیکی و عملی پہلوؤں پر مشاورت کی ۔ سدرشن ریڈی نے یہ واضح کیا کہ آئندہ انتخابات کے پیش نظر ووٹر لسٹ کی درستگی ہی عوامی اعتماد ، شفافیت اور مضبوط جمہوری عمل کی ضمانت ہے ۔ 2
