نظام آباد میں متعلقہ عہدیداروں سے الیکشن آبزرور ڈاکٹر یوگیتا رانا کی بات چیت
نظام آباد ۔ 16 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) الیکشن آبزرور ڈاکٹر یوگیتا رانا نے آج نظام آباد کے دورے کے موقع پر بوتھ لیول آفیسرس ، سیاسی جماعتوں کے قائدین کے ساتھ ضلع کلکٹر نارائن ریڈی کے ہمراہ سبھاش نگر میں واقع ایس ایف ایس اسکول میں پولنگ بوتھ کا معائنہ کیا اور متعلقہ عہدیداروں سے بات چیت کی۔ بعد ازاں ڈاکٹر یوگیتا رانا نے کلکٹریٹ میں الیکشن آفیسر ، اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسرس ، آر ڈی اوز ، تحصیلدار و منتخب سیاسی نمائندوں ، بوتھ لیول آفیسرس کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے فہرست رائے دہندگان میں تبدیلیوں کے بارے میں واقف کروایا ۔ ڈاکٹر یوگیتا رانا نے سیاسی جماعتوں کے قائدین سے خواہش کی کہ فہرست رائے دہندگان کے حصول کے بعد اس کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اعتراضات ہونے کی صورت میں عہدیداروں کو واقف کرائیں۔ بوتھ سطح پر پولنگ ایجنٹس کو مقرر کرتے ہوئے جائزہ لیں اور اس میں ہونے والی خامیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے نمائندگی کریں تاکہ عہدیدار تبدیل و تصحیح کرے ۔ ووٹر آئی ڈی کارڈ آدھار سے مربوط کرنے کی بابت اُنھوں نے کہاکہ 80% یہ عمل مکمل ہوا ہے ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نارائن ریڈی نے کہاکہ 2023 ء سے متعلق فہرست رائے دہندگان کی تیاری کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ بوتھ لیول آفیسرس کو تربیت دی جارہی ہے ۔ گھر گھر پہنچ کر ناموں کے اندراج اور آدھار سے مربوط کرنے کے عمل کو بھی انجام دیا جارہا ہے ۔ اس موقع پر ایڈیشنل کلکٹرس چترا مشرا ، چندراشیکھر کے علاوہ دیگر بھی موجود تھے ۔