نظام آباد ۔ 11 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ضلع کلکٹر مسٹر نارائن ریڈی نے الیکشن کمیشن کے احکامات پر فہرست رائے دہندگان کے اندراج کے عمل کا جائزہ لیا ۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے قومی یوم رائے دہندگان کے موقع پر خصوصی رائے دہی کا آغاز کیا تھا الیکشن کمیشن کے احکامات پر نظام آباد و پالی ٹیکنیک کالج کے مبارک نگر ، زیڈ پی ایچ ہائی اسکول میں خصوصی طور پر اندراج کیا جارہا ہے اور اس عمل کا ضلع کلکٹر نے جائزہ لیا اور تفصیلات حاصل کی اور اس موقع پر عملہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مستحق تمام افراد جن کی عمر 18 سال مکمل ہوچکی ہے ایسے تمام افراد کے نام گھر گھر پہنچ کر تفصیلات حاصل کرتے ہوئے درج کریں اور 15 ؍ جنوری تک اس خصوص میں عوام کو مہلت دی گئی ہے لہذا اپنے ناموں کا اندراج کرانے کی اپیل کی ۔ ضلع کلکٹر نے ہائی اسکول کا بھی جائزہ لیا اور دسویں جماعت کے طلباء سے بات چیت کی اور کہا کہ اس سال امتحانات کا باقاعدہ طور پر انعقاد عمل میں لایا جائیگا لہذا دلچسپی کے ساتھ پڑھتے ہوئے امتحان تحریر کریں اور کسی قسم کی دھاندلی کا موقع نہیں رہے گا لہذا طلباء نقل نویسی کی خوش فہمی میں نہ رہیں اور دلچسپی کے ساتھ تعلیم حاصل کریں اس موقع پر آرڈی او ، تحصیلدار بھی موجود تھے ۔