نئی دہلی، 6اگست (یواین آئی) راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے نے راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش کو خط لکھ کر بہار میں ووٹر لسٹ پر نظر ثانی کے معاملے پر ایوان میں بحث کرانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ کھرگے نے چہارشنبہ کو ہری ونش کو لکھے ایک خط میں کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے تمام اراکین اس مسئلہ پر ایوان میں بحث چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک بات ہے کہ ووٹرز کو ووٹ کا حق چھین کر ان کے آئینی حق سے محروم کیا جا رہا ہے ۔ الیکشن کمیشن کی اس من مانی کا خمیازہ غریب عوام بھگت رہے ہیں۔ راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین کو لکھے گئے خط میں انہوں نے کہاکہ ہندوستان کا الیکشن کمیشن پہلے بہار اور پھر مغربی بنگال، آسام اور دیگر ریاستوں میں ووٹر لسٹوں کا خصوصی گہرائی سے جائزہ لے رہا ہے۔ موجودہ سیشن کے پہلے دن سے ہی اپوزیشن کے اراکین پارلیمنٹ اس پر ایوان میں فوری بحث کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس لیے میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ اپنی اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے راجیہ سبھا میں اس معاملے پر بحث کرنے کی اجازت دیں۔ کروڑوں ووٹروں کے لیے خاص طور پر سماج کے کمزور طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے لیے بڑی تشویش کی بات ہے۔ واضح رہے کہ اپوزیشن پارٹیاں مانسون اجلاس کے آغاز سے ہی لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں اس معاملے پر بحث کا مطالبہ کر رہی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ حکومت ان کی بات پر توجہ نہیں دے رہی ہے ۔