ووٹنگ مشینوں میں خرابی، کئی مقامات پر رائے دہی متاثر

   

مہاراشٹرا پردیش کانگریس کمیٹی کی الیکشن کمیشن سے شکایات
ممبئی 21 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے رتناگیری اور بھنڈارا اضلاع میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں خرابی کے باعث رائے دہی میں تاخیر ہوئی۔ تیکنیکی خرابی کے باعث ممبئی کے ورلی علاقہ کے ایک بوتھ پر کچھ دیر کے لئے پولنگ روک دی گئی تھی۔ کانگریس کے ریاستی یونٹ نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں خرابی سے متعلق الیکشن کمیشن کو 187 شکایات روانہ کی ہیں۔ رتناگیری کے دھمن گاؤں میں ایک پولنگ بوتھ پر تیکنیکی خرابی کے باعث صبح 8.30 تا 10 بجے پولنگ روک دی گئی۔ رتناگیری کے ایک اور دیہات میں بھی مشینوں کی خرابی کے باعث کچھ دیر کے لئے ووٹنگ روک دی گئی تھی۔ تاہم خرابی دور کرنے کے بعد 12.30 بجے دوبارہ ووٹنگ کا آغاز ہوا۔ بھنڈارا ضلع میں بھی مشینوں کی خرابی کے باعث رائے دہی میں خلل پڑا۔ مشینوں کی خرابی کے باعث مذکورہ بوتھس پر طویل قطاریں دیکھی گئیں۔ ورلی میں واقع دوردرشن آفس کے قریب پولنگ بوتھ پر بھی تیکنیکی خرابی کے باعث ووٹنگ میں رکاوٹ پیدا ہوئی۔ تاہم خرابی کو دور کرنے کے ساتھ ہی رائے دہی کا دوبارہ آغاز ہوا۔