ووٹنگ ڈیٹا پر کھرگے کے الزامات مسترد :الیکشن کمیشن

   

نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے کہا کہ ووٹنگ سے متعلق ڈیٹا جاری کرنے سے متعلق کانگریس کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ اس سے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد میں ابہام پیدا ہوتا ہے۔ کمیشن نے کہا کہ اس طرح کے بیانات سے انتخابات میں ووٹروں کی شرکت پر منفی اثر پڑ سکتا ہے۔ ریاستوں کی بڑی انتخابی مشینری بھی اس سے مایوس ہو سکتی ہے۔ کھرگے نے ووٹنگ کے اعداد و شمار جاری کرنے پر سوالات اٹھائے تھے۔واضح ہوکہ کھرگے نے 7 مئی کو انڈیا اتحاد کے لیڈروں کو ایک خط لکھا تھا۔ خط میں الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ووٹنگ کے اعدادوشمار پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوں نے مبینہ دھاندلی کا الزام لگایا تھا۔ خط میں کھرگے نے اپوزیشن اتحاد کے قائدین سے اس طرح کی دھاندلی کے خلاف آواز اٹھانے کی اپیل کی تھی۔کھرگے نے لکھا ہمارا واحد مقصد آئین اور جمہوریت کی ثقافت کی حفاظت ہے۔ کانگریس صدر نے لکھا تھاکہ بطور انڈیا اتحاد جمہوریت کی حفاظت اور الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری کی حفاظت کیلئے ہماری مشترکہ کوشش ہونی چاہیے۔ کھرگے نے ووٹنگ فیصد کے اعداد و شمار میں ردوبدل پر سوال اٹھائے اور الزام لگایا کہ یہ حتمی نتائج کو تبدیل کرنے کی کوشش ہو سکتی ہے۔