بے قاعدگیوں سے متعلق شکایات بے بنیاد: ریٹرننگ آفیسر و ضلع کلکٹر حیدرآباد
حیدرآباد۔15 ۔ مئی (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا حیدرآباد کے ریٹرننگ آفیسر و ضلع کلکٹر حیدرآباد انودیپ درے شیٹی نے 13 مئی کو ہوئی رائے دہی کے دوران کسی بھی طرح کی دھاندلیوں اور تلبیس شخصی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکام نے انتخابی عملہ کی جانب سے جمع کروائے جانے والے دستاویزات کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ حلقہ پارلیمان حیدرآباد میں رائے دہی کے دوران بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کے متعلق کی گئی شکایات بے بنیاد ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ضلع کلکٹر حیدرآباد نے کہا کہ کملانہرو پالیٹکنک میں امیدواروں اور ان کے نمائندوں کے علاوہ سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی موجودگی میں انتخابی عہدیداروں نے 7حلقہ جات اسمبلی میں موجود 5-5 مراکز رائے دہی کے دستاویزات کا جائزہ لیا اور ان میں کسی بھی طرح کی خامی نہ پائے جانے کے بعد حلقہ پارلیمان حیدرآباد کے حدودمیں مستعملہ ووٹنگ مشینوں کو اسٹرانگ روم میں محفوظ کردیا گیا۔ انودیپ درے شیٹی نے بتایا کہ حلقہ پارلیمان میں موجود حلقہ جات اسمبلی گوشہ محل ‘ چندرائن گٹہ ‘ چارمینار ‘یاقوت پورہ‘ کاروان کے علاوہ ملک پیٹ اور بہادرپورہ کے مراکز رائے دہی میں استعمال کئے گئے رجسٹر اور ان میں ووٹوں کے استعمال کی تعداد کا مشاہدہ کرنے کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی موجودگی میں تنقیح کے بعد انتخابی عمل کے دوران استعمال کئے گئے دستاویز اور مشینوں کو اسٹرانگ روم میں محفوظ کردیا گیا ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ ریٹرننگ آفیسر اور ضلع الکٹورل آفیسر کے علاوہ چیف الکٹورل آفیسر تلنگانہ کی راست نگرانی میں ان مشینوں اور دستاویزات کو محفوظ کیاگیا ہے ۔3