پونے: مہاراشٹرا کے پونہ شہر کی کانگریس پارٹی نے آج صبح نوی پیٹھ میں اسمبلی انتخابات کے نتائج کو حیران کن بتاتے ہوئے احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ووٹنگ بیلٹ پیپر پر کی جائے ۔اس ضمن میں شہریوں کے دستخط بھی لیے گئے ۔ کانگریس کی جانب سے کہا گیا کہ نہ صرف شکست خوردہ پارٹیوں بلکہ ریاست کے ووٹروں کو بھی اسمبلی انتخابات کے نتائج چونکا دینے والے ہیں۔ کانگریس کے شہر صدر اروند شندے نے کہا کہ اس قسم کی مہم شہر بھر میں چلائی جائے گی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق، پولنگ کے دن شام 5 بجے ووٹر ٹرن آؤٹ 58.22 فیصد تھا، جبکہ اسی رات 11:30 بجے یہ 65.02 فیصد تک پہنچ گیا اور اگلے دن 21 نومبر کو یہ 66.05 فیصد رہا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ووٹر ٹرن آؤٹ میں 7.83 فیصد کا اضافہ ہوا، اور 76 لاکھ ووٹوں کا اضافہ بھی دیکھنے کو ملا۔