ووٹوں کی گنتی تک چوکسی برقرار رکھنے امیدواروں کو ریونت ریڈی کی ہدایت

   

اسٹرانگ رومس کی مسلسل نگرانی کی جائے، رائے شماری میں قابل کارکنوں کو مقرر کرنے کا مشورہ
حیدرآباد ۔یکم۔ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے تمام امیدواروں اور رائے شماری کے ایجنٹس کو ہدایت دی ہے کہ وہ 3 ڈسمبر تک چوکسی برقرار رکھیں اور ای وی ایم مشینوں کے اسٹرانگ رومس کی مسلسل نگرانی کریں۔ ریونت ریڈی نے پارٹی امیدواروں سے ربط قائم کرتے ہوئے مشورہ دیا کہ 24 گھنٹے اسٹرانگ رومس کی نگرانی کے لئے کارکنوں کو مقرر کیا جائے تاکہ ووٹنگ مشینوں میں کسی الٹ پھیر کی گنجائش نہ رہے۔ انہوں نے امیدواروں سے کہا کہ وہ ووٹوں کی گنتی کی تکمیل تک اپنے حلقہ جات میں قیام کریں اور رائے شماری کیلئے قابل اور مستحق کارکنوں کو ذمہ داریاں دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بعض علاقوں میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو خانگی گاڑیوں کے ذریعہ منتقل کرنے کی شکایات ملی ہیں۔ اس طرح کے واقعات پر گہری نظر رکھی جائے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے اپیل کی کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی سیکوریٹی کو یقینی بنائیں اور ووٹوں کی گنتی کے موقع پر سابق میں جس طرح کوتاہیاں ہوئی ہیں ، ان کی تجدید نہ ہونے پائیں۔ ریونت ریڈی نے پارٹی امیدواروں سے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کا اقتدار یقینی ہے۔