پٹنہ، 13 نومبر (آئی اے این ایس) بہار اسمبلی انتخابات 2025 کے دونوں مرحلوں کی پولنگ مکمل ہونے کے بعد اب سب کی نظریں 14 نومبر کو ہونے والی ووٹوں کی گنتی پر مرکوز ہیں۔ تاہم، نتائج آنے سے قبل ہی سیاسی ماحول میں گرمی بڑھ گئی ہے، کیونکہ آر جے ڈی رہنما سنیل کمار سنگھ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ووٹوں کی گنتی کے دوران کسی قسم کی گڑبڑ یا دھاندلی ہوئی تو بہار میں نیپال جیسی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔ سنیل کمار سنگھ، آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو اور رابڑی دیوی کے قریبی ساتھی اور تیجسوی یادو کے ماموں ہیں۔ انہوں نے کہا، 2020 کے بہار اسمبلی انتخابات میں گنتی میں 4 سے 5 گھنٹے کی تاخیر ہوئی تھی۔ اگر کل ایسا دوبارہ ہوا تو یا تو ہمارا امیدوار گنتی مرکز سے باہر آئے گا یا ریٹرننگ آفیسر۔ سنگھ نے خبردار کیا کہ اگر انتخابی نتائج میں ہیرا پھیری یا کسی امیدوار کے حق میں گنتی میں مداخلت کی گئی تو آر جے ڈی کارکن سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔ ان کے بیان پر حکمراں این ڈی اے نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔ بی جے پی ریاستی صدر دلیپ جیسوالنے کہا کہ آر جے ڈی شکست کے خوف سے اشتعال انگیز بیانات دے رہی ہے۔ بہار میں قانون کی حکمرانی ہے، اگر کسی نے شرارت یا تشدد کی کوشش کی تو انتظامیہ سخت کارروائی کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس بار بہار کے عوام نے این ڈی اے کو مینڈیٹ دیا ہے، آر جے ڈی بوکھلاہٹ میں غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہی ہے۔ واضح رہے کہ ووٹوں کی گنتی جمعہ صبح 8 بجے شروع ہوگی۔