ووٹ بڑھانے کی بجائے یوپی میں 3کروڑ ووٹ حذف

   

بی جے پی کی شکست والے علاقوں میں الیکشن کمیشن کیساتھ سازش :اکھلیش

لکھنؤ:12 دسمبر(یواین آئی) سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کا کام ووٹروں کی تعداد بڑھانا ہونا چاہیے ، لیکن اتر پردیش میں تقریباً تین کروڑ ووٹ کاٹنے کا عمل جاری ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی اور الیکشن کمیشن مل کر ان علاقوں میں ووٹ کاٹنے کی سازش کر رہے ہیں جہاں بی جے پی کو شکست ہوئی ہے ۔ اکھلیش یادو ہفتہ کو سماجوادی پارٹی کے زیر اہتمام منعقدہ ’’ویژن انڈیا:اے آئی سمٹ‘‘میں شرکت کریں گے ۔ حیدرآباد میں منعقد ہونے والا یہ پروگرام تکنیکی اور اے آئی (آرٹیفیشل انٹیلی جنس) کے مستقبل کے اثرات پر مرکوز ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ یہ جمہوریت کے خلاف ایک سازش ہے اور ایس آئی آر کا عمل این آر سی جیسی شکل اختیار کر چکا ہے ، جس کی وجہ سے لوگوں کو غیر ضروری دستاویزات ڈھونڈنے پر مجبور کیا جا رہا ہے جبکہ آدھار کارڈ میں پہلے سے ہی تمام ضروری معلومات موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہندوستان ایک ایسے دور سے گزر رہا ہے جہاں لوگوں کو ہر سطح پر مشکلات کا سامنا ہے۔ ان مسائل کا حل ایک مثبت، حقیقت پسندانہ اور ترقی پسند ویژن سے ہی ممکن ہے ، اور ’ویژن انڈیا‘ اسی سمت میں اٹھایا گیا ایک قدم ہے۔ یادو نے بتایا کہ آج اے آئی کا اثر زراعت، طب، صنعت سمیت ہر شعبے میں تیزی سے بڑھ رہا ہے ۔ حیدرآباد ٹیکنالوجی کا ایک اہم مرکز ہے جہاں نمایاں کام ہوا ہے ، اسی لیے سماجوادی پارٹی نے یہاں ویژن انڈیا پروگرام منعقد کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بحث سیاسی تقسیم پر نہیں بلکہ وژن اور ترقی پسند سیاست پر ہونی چاہئے ۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی عوام کو مسلسل پریشان کرنے کی سیاست کر رہی ہے – نوٹ بندی، جی ایس ٹی، مہنگائی، کووڈ کے دور کی بدانتظامی اور اب ایس آئی آر کے ذریعے ۔ جب لوگوں کا ووٹ ہی نہیں رہے گا تو جمہوریت کیسے بچے گی؟۔