ووٹ تقسیم کرنے کی سازش کے باوجود جوبلی ہلز میں اظہرالدین کے حق میں عوامی تائید

   

مثالی حلقہ بنانے کرکٹ اسٹار کا عزم، کانگریس کا سروے کامیابی کے حق میں
حیدرآباد ۔24۔نومبر (سیاست نیوز) ہندوستانی کرکٹ اسٹار محمد اظہرالدین کو جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ میں بڑھتی عوامی تائید سے کامیابی کا یقین ہونے لگا ہے۔ جوبلی ہلز میں مجلس کی جانب سے مسلم امیدوار کو میدان میں اتارنے کے بعد حلقہ کے ایک لاکھ 10 ہزار مسلم رائے دہندوں کے ووٹ کی تقسیم کے امکانات ظاہر کئے جارہے تھے لیکن باشعور رائے دہندوں نے کانگریس کی تائید کا فیصلہ کرتے ہوئے مجلس کے منصوبہ کو ناکام بنانے کی تیار کرلی ہے ۔ اب جبکہ انتخابی مہم اختتامی مراحل میں داخل ہوچکی ہے ، محمد اظہرالدین نے عام جلسوں کے بجائے گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کے ذریعہ راست رابطہ قائم کرنے کو ترجیح دی ہے تاکہ عوام کے حقیقی جذبات سے واقفیت حاصل ہو۔ حلقہ میں ریونت ریڈی کے علاوہ سابق مرکزی وزیر سلمان خورشید ، رکن راجیہ سبھا ناصر حسین ، رکن راجیہ سبھا عمران پرتاپ گڑھی اور کانگریس کے دیگر سرکردہ قائدین نے انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ جوبلی ہلز جس وقت خیریت آباد اسمبلی حلقہ کا حصہ تھا، آنجہانی پی جناردھن ریڈی کے سبب یہ تمام علاقے کانگریس کے گڑھ مانے جاتے تھے۔ کانگریس کے مضبوط امیدوار کی کمی کے نتیجہ میں بی آر ایس نے گزشتہ انتخابات میں حلقہ سے کامیابی حاصل کی۔ تلگو دیشم کے ٹکٹ پر منتخب ہونے والے گوپی ناتھ نے بی آر ایس میں انحراف کرلیا۔ محمد اظہرالدین کو کانگریس ہائی کمان نے کافی غور و خوض اور حکمت عملی کے تحت امیدوار بنایا ہے۔ اظہرالدین کی امیدواری کو قطعیت دینے سے قبل ہائی کمان نے سروے کا اہتمام کیا تھا جس میں اظہرالدین کی کامیابی کے امکانات روشن دکھائے گئے۔ محمد اظہرالدین نے انتخابی مہم میں کانگریس کے مقامی قائدین کی مدد حاصل کی ہے اور دن بہ دن عوام کا رجحان کانگریس کے حق میں منتقل ہورہا ہے۔ اظہرالدین نے آج نماز جمعہ کے بعد مساجد میں مصلیوں سے ملاقات کرتے ہوئے دعائیں حاصل کی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کانگریس پارٹی جوبلی ہلز کو تمام طبقات کی ترقی اور خوشحالی کے مرکز میں تبدیل کرے گی اور یہ تلنگانہ کا مثالی حلقہ بن جائے گا۔