ووٹ نہیں دیا تو بینک اکاونٹ سے 350 روپئے کٹیں گے

   

میسج وائرل ہونے پر الیکشن کمیشن کی پولیس میں شکایت،میسج فرضی
نئی دہلی: سوشل میڈیا پر ان دنوں ایک میسج وائرل ہو رہا ہے جس میں کہا گیا کہ اگر انتخابات میں حق رائے دہی کا استعمال نہیں کیا گیا تو آپ کے بینک کھاتے سے 350 روپے کاٹ لئے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے اس میسج کو فرضی قرار دیتے ہوئے دہلی پولیس کی اسپیشل سیل میں شکایت درج کرائی ہے۔ اسپیشل سیل کی سائبر یونٹ نے معاملہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔دہلی پولیس کی اسپیل سیل کو دی گئی شکایت میں الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کے واٹس ایپ پر فیک نیوز گردش کر رہی ہے، جس کے عنوان میں لکھا گیا ہے ’’نہیں دیا ووٹ تو بینک اکاونٹ سے 350 روپے کاٹے گا چناو آیوگ۔‘‘ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ میسج فرضی ہے، کمیشن کی جانب سے ایسا کوئی حکم جاری نہیں کیا گیا ہے۔الیکشن کمیشن نے دہلی پولیس کو شکایت دے کر خاطیوں کو جلد گرفتار کرنے اور ان کے اس میسج کو پھیلانے کے مقصد کو جاننے کا مطالبہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ کچھ مہینوں بعد ہی اتر پردیش، پنجاب اور اتراکھنڈ سمیت پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے جا رہے ہیں، ایسے میں اس طرح کے میسج کے وائرل ہونے کے معاملہ کو الیکشن کمیشن نے سنجیدگی سے لیا ہے۔