راہول گاندھی نے کرناٹک، مہاراشٹرا، ہریانہ اور بہار میں بے قاعدگیوں کا ثبوت کے ساتھ پردہ فاش کیا
حیدرآباد ۔ 8 نومبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے سنسنی خیز الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی پوری طرح الیکشن کمیشن کو کنٹرول کررہی ہے۔ راہول گاندھی نے ملک میں بی جے پی کی ووٹ چوری کا پردہ فاش کردیا ہے۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اے آئی سی سی انچارج میناکشی نٹراجن کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ بی جے پی ملک بھر میں اپنے سیاسی مفادات کی تکمیل کیلئے جمہوری اداروں کا قتل کررہی ہے۔ ملک میں ووٹ چوری کے خلاف راہول گاندھی جدوجہد کررہے ہیں۔ ووٹ چوری کے خلاف کانگریس کی جانب سے شروع کی گئی دستخطی مہم پر عوام نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ تاحال5 کروڑ عوام اپنی دستخطیں کرتے ہوئے اس مہم کی مکمل تائید و حمایت کی ہے۔ لوک سبھا کے بشمول مہاراشٹرا کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی بے قاعدگیوں کو کانگریس نے ثبوتوں کے ساتھ پیش کیا ہے۔ کرناٹک کے مہادیو پورا حلقہ میں ووٹوں کو بی جے پی نے گول مال کیا ہے جس کو راہول گاندھی نے ثبوتوں کے ساتھ پیش کیا ہے۔ باوجود اس کے الیکشن کمیشن نے کوئی کارروائی نہیںکی۔ ہریانہ کے اسمبلی انتخابات میں بھی راہول گاندھی نے بی جے پی کی بے قاعدگیوں کو پیش کیا ہے۔ ہریانہ میں 25 لاکھ سے زیادہ نقلی ووٹ، 5 لاکھ سے زیادہ ڈوپلکیٹ ووٹ ہیں اور سینکڑوں غلط پتہ ہیں۔ اس کے علاوہ ہزاروں فرضی تصاویر ہیں ایک خاتون کی تصویر مختلف ناموں سے 22 ووٹ ہیں۔ بہار میں بھی لاکھوں ووٹوں کو فہرست رائے دہندگان سے نکال دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن بی جے پی سے ملی بھگت کرتے ہوئے اشاروں پر کام کررہی ہے۔ عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے راہول گاندھی نے بہار میں جو ریالی منظم کی ہے اس سے بی جے پی اور این ڈی اے کی حلیف جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ جوبلی ہلز میں پڑوسی اضلاع کے ووٹرس کا اندراج کرتے ہوئے بی آر ایس نے بی جے پی کی مدد سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس مرتبہ بی آر ایس کی تمام تدابیر الٹی ثابت ہوں گی اور کانگریس کا امیدوار بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گا۔2