تحریک میں شامل ہونے کیلئے فون نمبر اور کیو آر اسکیان سے استفادہ کی سہولت
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اگست (سیاست نیوز) کانگریس قائد اور لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کی مہم میں بے قاعدگیوں کو ٹھوس ثبوت کے ساتھ بے نقاب کیا ہے ۔ راہول گاندھی کے انکشافات کے بعد ملک بھر میں الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹ چوری کے خلاف عوامی تحریک کا آغاز ہوچکا ہے۔ کرناٹک ، مہاراشٹرا ، مدھیہ پردیش ، چھتیس گڑھ اور اتراکھنڈ میں انتخابات کے موقع پر بی جے پی کی کامیابی کی راہ ہموار کرنے کیلئے الیکشن کمیشن نے فہرست رائے دہندگان میں فرضی ناموں کو شامل کیا اور حقیقی رائے دہندوں کے نام فہرست سے خارج کئے گئے ۔ بہار میں فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم کے دوران بھی میڈیا کی جانب سے کئی دھاندلیوں کو بے نقاب کیا گیا۔ راہول گاندھی کی زیر قیادت اپوزیشن انڈیا الائنس بہار میں جاری نظرثانی مہم کو روکنے کا مطالبہ کررہا ہے ۔ راہول گاندھی کی جانب سے شروع کردہ مہم کو ملک بھر میں سماج کے ہر طبقہ کی تائید حاصل ہورہی ہے۔ ووٹ چوری روکو کے نعرہ کے تحت شروع کردہ تحریک میں عوام بھی شامل ہوسکتے ہیں۔ اس کیلئے انہیں فون نمبر 9650003420 پر مس کال دینا ہوگا یا پھر کیو آر اسکیان کے ذریعہ بھی تحریک میں شامل ہوکر اپنی آواز حکومت اور الیکشن کمیشن تک پہنچائی جاسکے۔1