ووٹ چوری کا راہول گاندھی کے ثبوت سے پردہ فاش کیا: پونم پربھاکر

   

حسن آباد میں ریالی کا اہتمام، ووٹ چوری کے خلاف عوام میں شعور بیداری کا آغاز
حیدرآباد ۔ 15 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے کہا کہ ملک میں ووٹ چوری کو راہول گاندھی نے ثبوتوں کے ساتھ بے نقاب کردیا ہے۔ باوجود اس کے مرکزی حکومت اور سنٹرل الیکشن کمیشن کوئی ردعمل کا اظہار کرنے سے قاصر ہیں۔ ملک کے مختلف مقامات اترپردیش ، بہار ، مہاراشٹرا ، کرناٹک میں بی جے پی کی جانب سے برے پیمانہ کی چوری کی گئی ہے جس کے خلاف راہول گاندھی قومی سطح پر ووٹ چور گدی چھوڑ کی مہم چلا رہے ہیں ۔ آج حسن آباد میں کانگریس پارٹی کی جانب سے منعقدہ ووٹ چوری کی ریالی میں پونم پربھاکر نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں عوام کو آزادانہ طور پر حق رائے دہی کی اجازت ہے۔ تاہم بی جے پی ووٹ چوری کرتے ہوئے عوامی فیصلوں کو تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور سنٹرل الیکشن کمیشن اس معاملہ میں بی جے پی کے اعلیٰ کار بنے ہوئے ہیں۔ راہول گاندھی کی جانب سے ووٹ چوری کے ثبوت پیش کرنے کے باوجود ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی ہے۔ کانگریس پارٹی کی جانب سے ملک کے مختلف ریاستوں میں ووٹ چوری کے خلاف مہم چلاتے ہوئے عوام میں شعور بیداری کی جارہی ہے۔ تلنگانہ میں بھی اس مہم کو عوام سے زبردست ردعمل حاصل ہورہا ہے ۔ راہول گاندھی نے ووٹ چوری کا پردہ فاش کیا ہے ۔ سنٹرل الیکشن کمیشن اس کا جائزہ لینے کے بجائے راہول گاندھی کے خلاف کارروائی کرنے کا انتباہ دے رہی ہے جو مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے حسن آباد کے کانگریس قائدین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ووٹ چوری کے خلاف بڑے پیمانہ پر دستخطی مہم شروع کریں۔ 2