ووٹ چوری کیخلاف راہول گاندھی کی ملک گیر تحریک کو مقبولیت

,

   

فون نمبر پر چند گھنٹوں میں 5 لاکھ سے زائد مسڈ کال، الیکشن کمیشن پر دباؤ کیلئے عوام میں شعور بیداری
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست (سیاست نیوز) لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی کی جانب سے ووٹ چوری کے خلاف ملک بھر میں شروع کی گئی تحریک کو غیر معمولی عوامی تائید حاصل ہورہی ہے۔ راہول گاندھی نے فہرست رائے دہندگان میں دھاندلیوں کی روک تھام کیلئے ملک بھر سے عوام کو تحریک میں شامل کرنے کیلئے فون نمبر جاری کیا جس پر مسڈ کال کرتے ہوئے عوام خود کو تحریک سے وابستہ کرسکتے ہیں۔ مسڈ کال کیلئے جو نمبر جاری کیا گیا ہے وہ 9650003420 ہے اور نمبر کی اجرائی کے چند گھنٹوں میں ملک بھر سے 563769 مسڈ کال وصول ہوئے اور یہ سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ ملک میں یوں تو کئی عوامی تحریکات کیلئے مسڈ کال نمبر جاری کیا گیا لیکن ووٹ چوری کے سلسلہ میں جاری کردہ یہ نمبر تیزی سے عوام میں مقبول ہوچکا ہے اور ملک کے مختلف گوشوں سے عوام اس نمبر پر کال کرتے ہوئے خود کو تحریک سے وابستہ کر رہے ہیں۔ تحریک کا مقصد الیکشن کمیشن آف انڈیا کو جوابدہ بنانا اور ڈیجیٹل ووٹر لسٹ کی اجرائی کے لئے مجبور کرنا ہے ۔ راہول گاندھی نے 6 طویل ریسرچ کی بنیاد پر ووٹ چوری سے متعلق دستاویزی ثبوت عوام کے روبرو پیش کئے۔ مہاراشٹرا کے ایک لوک سبھا حلقہ میں ایک اسمبلی حلقہ کے تحت فہرست رائے دہندگان میں کی گئی دھاندلیوں کو راہول گاندھی نے دستاویزی ثبوت کے ساتھ جاری کیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چھتیس گڑھ، اتراکھنڈ ، مدھیہ پردیش اور مہاراشٹرا میں بڑے پیمانہ پر دھاندلیاں کی گئیں۔ بہار اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی کی راہ ہموار کرنے کیلئے فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم کا الیکشن کمیشن نے آغاز کیا ہے۔ نظرثانی مہم کے دوران 65 لاکھ ناموں کو فہرست سے حذف کردیا گیا اور جو عبوری فہرست جاری کی گئی، اس میں بڑے پیمانے پر دھاندلیاں ہیں۔ راہول گاندھی قومی سطح کی مہم کے ذریعہ عوام کو باشعور بنانے میں مصروف ہیں۔1