ووٹ چوری کیخلاف ملک گیر احتجاج ، آج ہر ضلع میں مو م بتی ریالی

   

22 اگست تا 7 ستمبر ریاستی سطح پر مختلف احتجاجی پروگرام ، 15 ستمبر سے قومی سطح پر ایک ماہ طویل احتجاج

حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے ملک بھر میں فہرست رائے دہندگان میں مبینہ بے قاعدگیوں کے خلاف جاری مہم کے حصہ کے طور پر 14 اگست کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے ووٹ چوری کے خلاف تین مراحل میں ملک گیر احتجاج کا فیصلہ کیا۔ 14 اگست کی رات 8 بجے ملک بھر کے ضلع ہیڈکوارٹرس پر موم بتیوں کے ساتھ ریالی منظم کی جائے گی۔ احتجاج میں ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی ، پردیش کانگریس کمیٹی اور ضلع کانگریس کمیٹی کے ارکان ، محاذی تنظیموں کے قائدین ، بلاک اور منڈل سطح کے قائدین شرکت کریں گے۔ 22 اگست سے 7 ستمبر تک ریاستی سطح کے مظاہرے اور دھرنے منظم کئے جائیں گے ۔ ریاستوں کے دارالحکومت اور اہم شہروں میں احتجاج کا فیصلہ کیا گیا۔ الیکشن کمیشن اور بی جے پی میں ملی بھگت کو عوام کے درمیان اجاگر کیا جائے گا ۔ کانگریس ہائی کمان نے احتجاج میں بڑی تعداد میں کارکنوں اور عوام کی شرکت کو یقینی بنانے کا مشورہ دیا ہے۔ اس مدت میں کانگریس قائدین پد یاترا اور ریالیوں کا اہتمام کرتے ہوئے عوام کو اس تحریک میں شامل کریں گے ۔ 15 ستمبر تا 15 اکتوبر قومی سطح پر احتجاجی مہم کا فیصلہ کیا گیا ۔ ایک ماہ طویل اس احتجاج میں کئی پروگرام شامل رہیں گے ۔ ووٹ چوری کے خلاف 5 کروڑ دستخطوں کی مہم کا فیصلہ کیا گیا۔ ہر ضلع میں پارٹی قائدین دستخطی مہم میں عوام کو شامل کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ دستخطیں حاصل کریں گے۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے پردیش کانگریس کمیٹی کو احتجاجی لائحہ عمل کی تفصیلات سے واقف کرایا ہے اور پروگرام کی کامیابی کی مساعی کی ہدایت دی ہے۔1