ووٹ چوری کے خلاف دستخطی مہم کی ہدایت: میناکشی نٹراجن

   

تلنگانہ کے اہم پارٹی قائدین کے ساتھ زوم میٹنگ کا انعقاد، حقائق منظر عام پر لانے پر زور
حیدرآباد 4 اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس امور انچارج میناکشی نٹراجن نے آج پارٹی کے اہم قائدین کے ساتھ زوم میٹنگ کا اہتمام کیا۔ بی جے پی کی ووٹ چوری کے خلاف ریاست بھر میں دستخطی مہم شروع کرنے کی پارٹی قائدین اور کارکنوں کو ہدایت دی۔ اجلاس میں تلنگانہ پردیش کانگریس صدر مہیش کمار گوڑ، ریاستی وزراء، کانگریس ارکان اسمبلی اور ارکان پارلیمنٹ، ارکان کونسل و دوسرے اہم قائدین نے شرکت کی۔ میناکشی نٹراجن نے کہا کہ ووٹ چوری کے ذریعہ بی جے پی مسلسل تیسری مرتبہ مرکز پر اقتدار حاصل کرچکی ہے ۔ کانگریس قائد راہول گاندھی نے ووٹ چوری کا پردہ فاش کردیا ہے۔ تمام ثبوت پیش کئے ہیں باوجود اس کے الیکشن کمیشن خاموش ہے، بلکہ یہ کہا جاسکتا ہے کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کی ذیلی تنظیم کی طرح کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگل بیڈروم مکان میں 40 ووٹ پائے گئے ۔ ووٹر لسٹ میں انتقال کر جانے والوں کے نام شامل ہیں لیکن زندہ افراد کے نام غائب کردیئے گئے ۔ راہول گاندھی نے تمام حقائق کو منظر عام پر لایا ہے باوجود الیکن کمیشن کوئی کارروائی نہیں کررہا ہے۔ صدر کل ہند کانگریس ملکارجن کھرگے، کانگریس جنرل سکریٹری وینوگوپال چاری نے ملک بھر میں ووٹ چوری کے خلاف مہم شروع کی ہے۔ تلنگانہ میں بھی اس مہم کو شروع کرکے بڑے پیمانے پر عوام سے دستخطیں حاصل کی جائیں اور الیکشن کمیشن کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرنے مجبور کریں۔ اس پروگرام میں کانگریس کارکنوں سے سینئر قائدین تک حصہ لیں اور اس کو کامیاب بنائیں۔ میناکشی نٹراجن نے کہا کہ کانگریس سماجی انصاف اور ووٹ چوری کے خلاف ملک بھر میں جدوجہد کررہی ہے۔ تلنگانہ میں راہول گاندھی کی ہدایت پر بی سی طبقات کو 42 فیصد تحفظات فراہم کئے گئے ہیں۔ تلنگانہ اس معاملہ میں سارے ملک کیلئے رول ماڈل بن گیا ۔ اسی طرح ووٹ چوری کی مہم کو بھی سارے ملک میں تلنگانہ کو سرفہرست بنانے کی ضرورت ہے۔ 2