ووٹ چوری کے خلاف نامپلی اسمبلی حلقہ میں کانگریس کی دستخطی مہم

   

فیروز خاں نے عوام اور تاجروں سے ملاقات کی
حیدرآباد ۔ 25 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی اپیل پر ووٹ چوری مخالف مہم پر دستخطی مہم کا آغاز کیا گیا ۔ جنرل سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی اور نامپلی کے انچارج محمد فیروز خاں نے آج مختلف علاقوں میں عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ووٹ چوری کے خلاف دستخط حاصل کئے ۔ انہوں نے آصف نگر اور اطر اف کے علاقوں میں دکانداروں اور راہگیروں سے ملاقات کی اور راہول گاندھی کی مہم سے واقف کرایا۔ فیروز خاں نے کہا کہ بی جے پی ملک میں الیکشن کمیشن کی مدد سے ووٹ چوری انجام دے رہی ہے اور اپوزیشن کو انتخابات میں شکست کیلئے ووٹ چوری ذمہ دار ہے ۔ نامپلی کے مختلف علاقوں میں عوام نے جوش و خروش کے ساتھ دستخطی مہم میں حصہ لیا اور راہول گاندھی کی جمہوریت میں دستور بچاؤ تحریک کی تائید کی۔ دستخطی مہم کے تحت ووٹ چوری کے خلاف بیانرس لگائے گئے۔ فیروز خاں نے کہا کہ حیدرآباد میں نامپلی اسمبلی حلقہ ووٹ چوری کے خلاف دستخطی مہم میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے غیر معمولی تائید حاصل ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے دیگر اسمبلی حلقہ جات میں بھی دستخطی مہم جاری رہے گی۔1