ووٹ چوری کے خلاف 14 ڈسمبر کو نئی دہلی میں کانگریس کا مہا دھرنا

   

چیف منسٹر اور وزراء کی شرکت، پنچایت چناؤ میں 2600 سرپنچ عہدہ پر کانگریس کی کامیابی، مہیش کما ر گوڑ و اظہرالدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 12۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے پنچایت چناؤ میں کانگریس امیدواروں کی شاندار کامیابی پر قائدین اور کارکنوں کو مبارکباد پیش کی جن کی انتھک مساعی کے نتیجہ میں سرپنچوں کے عہدہ پر کانگریس کے تائیدی امیدواروں کو کامیابی ملی ہے ۔ وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین کے ہمراہ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں 4230 سرپنچ کے عہدوں کیلئے چناؤ میں 2600 کانگریس کے تائیدی امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلا مقابلہ منتخب ہونے والے سرپنچوں نے 90 فیصد کانگریس کے تائیدی امیدوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی مقامات پر بی جے پی اور بی آر ایس نے متحدہ طور پر مقابلہ کیا ہے۔ متحدہ مقابلہ کے باوجود بی آر ایس کو 200 اور بی جے پی کو 40 نشستوں پر کامیابی ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پی ایم کو 40 اور سی پی آئی کو 30 سرپنچ نشستوں پر کامیابی ملی ۔ انہوں نے کہا کہ دوسرے اور تیسرے مرحلہ میں کانگریس کے تائیدی امیدواروں کو کامیابی حاصل ہوگی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات سے عوام مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے 15 ماہ میں 80 ہزار جائیدادوں پر تقررات کئے ہیں۔ انتخابی وعدوں کی تکمیل کے علاوہ نئی اسکیمات متعارف کی گئیں۔ جوبلی ہلز ضمنی چناؤ میں 25,000 کی اکثریت سے کانگریس کی کامیابی حکومت پر عوام کے اعتماد کا ثبوت ہے۔ انہوں نے وزراء اور ارکان اسمبلی کو بھی مبارکباد پیش کی اور آئندہ دو مرحلوں میں اسی طرح سے کام کرنے کا مشورہ دیا۔ محمد اظہرالدین نے کہا کہ گلوبل سمٹ کے ذریعہ پانچ لاکھ 75 ہزار کروڑ کی سرمایہ کاری کے معاہدے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ چوری کے خلاف تلنگانہ میں 14 لاکھ دستخطیں حاصل کی گئیں۔ 14 ڈسمبر کو نئی دہلی کے رام لیلا میدان میں مہا دھرنے میں چیف منسٹر ، ریاستی وزراء اور عوامی نمائندے شرکت کریں گے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں سے کثیر تعداد میں شرکت کی اپیل کی۔1