رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے لیے متعدد اقدامات ، پارتھا سارتھی
حیدرآباد۔ رائے دہی میں حصہ لیتے ہوئے اپنے ووٹ کا استعمال کرنا صرف رائے دہندوں کا حق نہیں ہے بلکہ ان کی ذمہ داری ہے۔ تلنگانہ ریاستی الیکشن کمشنر مسٹر سی پارتھا سارتھی نے آج یہ بات کہی۔ انہو ںنے رائے دہی کے فیصدمیں اضافہ اور رائے دہندو ںمیں شعور اجاگر کرنے کی غرض سے جاری کردہ اپنے بیان میں کہا کہ نوجوانوں اور تعلیم یافتہ لوگوں کو اپنے حق رائے دہی کے استعمال پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے کیونکہ جب تک رائے دہی میں حصہ لیتے ہوئے اپنی ذمہ داری کو پورا نہیں کیا جاتا کوئی یہ نہیں کہہ سکتا ہے کہ اس نے اپنا حق ادا کردیا ہے۔ تلنگانہ ریاستی الیکشن کمشنر نے بتایا کہ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے سلسلہ میں کئے جانے والے اقدامات دراصل عوام کو ان کی ذمہ داری کا احساس دلوانے کیلئے کئے جا رہے ہیں۔ مسٹر سی پارتھاسارتھی نے کہا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کے دوران رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کو یقینی بنانے کیلئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں ان میں کورونا وائرس کے سبب پیداشدہ صورتحال کو بھی پیش نظر رکھا جا رہاہے ۔ انہو ںنے بتایا کہ کمیشن کی جانب سے تمام مراکز رائے دہی پر رائے دہندوں کی سہولت کے لئے کورونا وائرس سے احتیاط کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور جو لوگ کورونا وائرس سے متاثر ہیں ان کیلئے پوسٹل بیالٹ کے انتظامات کی فراہمی عمل میں لائی جا رہی ہے جو کہ شہریو ںکو ان کے حق کے استعمال کے علاوہ ذمہ داری کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرنے کی سہولت کے مترادف ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے 80 سال سے زائد عمر کے معمرین کے لئے بھی پوسٹل بیالٹ کا انتظام کیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق تلنگانہ ریاستی الیکشن کمشنر کی جانب سے شہر حیدرآبادکے بلدی انتخابات میں رائے دہی کے فیصد میں اضافہ کے لئے مزید مؤثر انداز میں انتخابی مہم چلانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔ مسٹر پارتھا سارتھی نے تعلیم یافتہ اور پروفیشنلس سے اپیل کی کہ وہ حق رائے دہی کے استعمال میںکوتاہی نہ کریں اور نہ ہی اس ذمہ داری کو پورا کرنے میں بے اعتنائی کریں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد میں رائے دہی کے فیصد کو بہتر بنانے کیلئے سوشل میڈیا پر بھی مہم چلانے اور رائے دہندو ںکو رائے دہی میں حصہ لینے کیلئے راغب کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔