ووٹ کا بھی مذہب !!اقلیتوں کو کم ‘اکثریتی ووٹرس کو زیادہ رقم کی اطلاع

   

حیدرآباد۔8۔نومبر۔(سیاست نیوز) جوبلی ہلز ضمنی انتخابات میں دولت کی تقسیم میں ڈویژن واری اساس پر ووٹ خریدنے کی کوششیں جاری ہیں۔ مختلف ڈویژنس میں ووٹرس کو مذہب ‘ ذات پات اور علاقہ کے اعتبار سے رقومات ادا کی جا رہی ہیں۔ انتخابی مہم اب جبکہ ختم ہونے کے قریب ہے تو جماعتوں کی جانب سے ہر علاقہ کے ووٹرس کو علحدہ رقومات دی جانے لگی ہیں جس پر رائے دہندوں میں شدید ناراضگی ہے۔ ذرائع کے مطابق بعض ڈویژن میں ایک ووٹ کیلئے 7تا9 ہزار جبکہ بعض ڈویژنس میں فی ووٹ 2500 روپئے ادا کئے جا رہے ہیں۔ سیاسی جماعتوں سے جو دولت تقسیم کی جار ہی ہے اس کے متعلق کہا گیا کہ جن لوگوں کو تقسیم کی ذمہ داری دئی ہے وہ ووٹرس تک مکمل رقومات پہنچانے کی بجائے اسے کم کرنے لگے ہیں جبکہ بی آر ایس کے مطابق برسراقتدار جماعت جوبلی ہلز میں 20ہزار روپئے تک فی ووٹ خریدنے کی کوشش میں مصروف ہے جبکہ کسی بھی ڈویژن میں 20ہزار روپئے فی ووٹ کی توثیق نہیں ہوئی ۔ بعض ڈویژنس میں 7تا9 ہزار روپئے فی ووٹ کی توثیق ہوئی ہے جبکہ کئی اقلیتی آبادیوں میں ووٹر کو 2500 روپئے فی ووٹ ادا کئے جانے کی اطلاع ہے ۔ رائے دہی کیلئے رقومات کی ادائیگی اور مخصوص امیدوار کیلئے رقم حاصل کرکے ووٹ کا استعمال دونوں جرم ہیں لیکن ضمنی انتخابات میں دولت کی تقسیم اہم عنصر ہوتا ہے کیونکہ سابق میں منوگوڑو حلقہ کے ضمنی انتخابات میں ووٹرس میں سونے کی انگوٹھی کی تقسیم سے ووٹ حاصل کرنے کی اطلاعات تھی اور اس کی توثیق بھی گئی تھی ۔اب جوبلی ہلز میں ووٹرس کیلئے ووٹ کی مختلف قیمتوں کا تعین شدید ناراضگی کا سبب بننے لگا ہے۔3