پولنگ فرائض انتہائی ذمہ داری سے انجام دیں‘ پی اوزکوضلع کلکٹرکی ہدایت
نظام آباد: 7؍ دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلکٹر ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے کہا کہ پرسیڈنگ افسران (پی اوز) انتہائی ذمہ داری اور مؤثر انداز میں پولنگ فرائض انجام دیں، کیونکہ انتخابی عمل میں پولنگ ایک نہایت اہم مرحلہ ہوتا ہے۔ انہوں نے آج سالورہ منڈل کے رعیتو ویدیکا میں پی اوز کے لیے منعقدہ دوسرے مرحلے کی تربیتی کلاسوں کا معائنہ کرتے ہوئے ضروری ہدایات جاری کی۔کلکٹر نے کہا کہ پولنگ کے دوران تمام قواعد کی سختی سے پابندی کی جائے اور کسی بھی قسم کی غلطی کی گنجائش نہ چھوڑی جائے۔ انہوں نے پی اوز کو ہدایت دی کہ وقت کی پابندی کے ساتھ مقررہ پولنگ مراکز تک پہنچیں اور 11؍ دسمبر کو ہونے والی پہلی مرحلہ پولنگ کے پیش نظر 10 ؍دسمبر کی صبح 8 بجے تک ڈسٹری بیوشن مراکز سے انتخابی مواد وصول کرلیں۔ بیلٹ پیپرز اور دیگر سامان کو چیک لسٹ کے مطابق تفصیلی طور جانچنے اور پھر متعلقہ پولنگ اسٹیشن پہنچ کر انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ ضلع کلکٹر مسٹر ونئے کرشنا ریڈی نے کہا کہ نشستوں کی ترتیب، خفیہ رائے دہی کمپارٹمنٹ اور دیگر انتظامات مکمل طور پر قواعد کے مطابق ہونے چاہئیں۔ ووٹ کی رازداری کو سو فیصد یقینی بنانا پی اوز کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ ووٹر لسٹ کے مطابق ووٹروں کی شناخت کرتے ہوئے انہیں ووٹ ڈالنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ووٹر آدھار یا ووٹر آئی ڈی کے علاوہ الیکشن کمیشن کی جانب سے مقرر کردہ 13 شناختی دستاویزات میں سے کسی ایک کی بنیاد پر بھی ووٹ ڈال سکتے ہیں۔کلکٹر مسٹر ونئے کرشنا ریڈی نے پی اوز کو مشورہ دیا کہ وہ الیکشن کمیشن کی ہینڈ بُک کا بغور مطالعہ کریں تاکہ انتخابی عمل کی مکمل سمجھ بوجھ حاصل ہو۔ انتخابی ڈیوٹی کے دوران کسی بھی ذاتی فیصلہ سازی کی گنجائش نہیں، بلکہ کمیشن کی مقرر کردہ ہدایات پر من و عن عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ معمولی غلطیاں بھی مشکلات کا سبب بن سکتی ہیں، لہٰذا پولنگ اور گنتی کا عمل شفاف، صاف ستھرا اور پُرامن طریقے سے مکمل ہونا چاہیے۔ کلکٹر نے پولنگ فیصد اور ووٹوں کی گنتی سے متعلق تفصیلات کی جلد بازی میں تشہیر کرنے سے منع کیا اور کہا کہ پوری طرح تصدیق کے بعد ہی معلومات فراہم کی جائیں۔ پولنگ مراکز پر ہیلپ ڈیسک قائم کرکے بی ایل اوز کو بھی عوامی رہنمائی کے لیے موجود رکھا جائے۔ادھر، مونسرا منڈل میں منعقدہ تربیتی کلاسوں میں عام انتخابی مبصر جی۔ وی۔ شیام پرساد لال نے بھی شرکت کرکے پی اوز کو رہنمائی فراہم کی۔ اس تربیت میں مقامی افسران، اسٹیج–2 ریٹرننگ افسران اور ماسٹر ٹرینرز نے شرکت کی۔