کورونا وائرس مریضوں کے علاج کیلئے حکومت کے تیز تر اقدامات
بیجنگ ۔ 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چین میں صرف 10 دنوں کے اندر تیار کیا گیا ہوشینشان ہاسپٹل میں مریضوں کی بھرتی شروع کردی گئی ہے جہاں 1000 بستروں کی سہولت ہے ۔ پیپلز لبریشن آرمی کے ارکان کی جانب سے پیر سے مریضوں کو ہاسپٹل میں شریک کروانے کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ ہزار بستروں والے ہاسپٹل میں 419 وارڈس ہیں جن میں 30 آئی سی یو وارڈس بھی شامل ہیں۔ ووہان کے ورکرس نے کورونا وائرس پر بعجلت ممکنہ قابو پانے کیلئے جنگی خطوط پر ہاسپٹل کی تعمیر مکمل کی۔ یاد رہیکہ ووہان شہر میں کورونا وائرس کا پہلا کیس گذشتہ سال ڈسمبر میں سامنے آیا تھا اور اس کے بعد وہ آہستہ آہستہ بڑھتا چلا گیا۔ ووہان شہر کی آبادی 11 ملین بتائی گئی ہے۔ تاہم وائرس پھوٹ پڑنے کے بعد حکومت نے یہاں کے لوگوں کو نقل مکانی کرنے سے روک دیا تھا۔ 2003ء میں سارس نامی وائرس نے بھی چین میں تباہی مچائی تھی جس میں متاثرہ افراد کو سانس لینے میں شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس وقت بھی چین کے دارالحکومت میں جنگی خطوط پر ایک ہاسپٹل صرف ایک ہفتہ کے اندر تیار کیا گیا تھا۔