بیجنگ ۔ 14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چین میں کورونا وائرس سے چھ ہیلتھ ورکرس فوت ہوگئے جبکہ متاثرین کی تعداد 1700 بتائی گئی ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں اور نرسوں کیلئے چونکہ اپنی حفاظت کیلئے درکار سازوسامان کی قلت ہے لہٰذا اس وبائی ماحول میں وہ لوگ اپنی جان کو خطرہ میں ڈالتے ہوئے اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ یاد رہیکہ یہ اعدادوشمار اس واقعہ کے ایک ہفتہ بعد سامنے آئے ہیں جب کورونا وائرس کو دریافت کرنے والے ڈاکٹروں کی باتوں کو لوگوں نے سنجیدگی سے نہیں لیا تھا۔ یہاں تک کہ اس کے خلاف پولیس کارروائی کی گئی تھی۔ ڈاکٹر نے ڈسمبر میں کورونا وائرس وباء پھیلنے کی پیش قیاسی کی تھی اور بالآخر خود بھی وائرس کا شکار ہوکر فوت ہوگئے تھے۔ اس موقع پر نیشنل ہیلتھ کمیشن میں نائب وزیر ژین یگشرین نے ایک نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ منگل تک ملک میں 1716 ہیلتھ ورکرس متاثر ہوئے ہیں جن میں اکثریت یعنی 1012 ورکرس کو ’’کووڈ۔19‘‘ سے متاثر بتایا گیا ہے جو تمام ووہان سے تعلق رکھتے ہیں جو اس وقت وائرس کا مرکز بنا ہوا ہے جبکہ صوبہ ہوبئی کے چند دیگر مقامات پر مزید 400 افراد کو ’’کووڈ۔19‘‘ سے متاثر بتایا گیا ہے۔